ملازمین کی ایس آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ واپسی

دربار موو کافیصلہ ایک ہفتے کے اندر متوقع :حکام

تاریخ    6 اپریل 2020 (26 : 02 AM)   


سید امجد شاہ
جموں //سیول سیکریٹریٹ ملازمین اوران کے اہل خانہ کو سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی گاڑیوں کے ذریعہ گھر واپس روانہ کیاجارہاہے جبکہ دربار موو کے سلسلے میں ایک ہفتے کے اندر فیصلہ متوقع ہے ۔اگرچہ ملازمین اور ان کے گھروالوں نے لاک ڈائون شرو ع ہوتے ہی گھر واپسی کا عمل شروع کردیاتھاتاہم ابھی تک کچھ ملازمین جموں میں موجود تھے جنہیں بھی ایس آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ سرینگر اور دیگر علاقوں بھیجاجارہاہے ۔ایس آر ٹی سی جنرل منیجر سدیش گپتا نے بتایا’’آج ہم نے کارپوریشن کی دو گاڑیاں بھیجی ہیں جن میں دربار موو ملازمین اور ان کے گھر والے جموں سے سرینگر روانہ ہوئے‘‘۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ روز بھی دو بسیں روانہ کی گئیں ۔سیول سیکریٹریٹ نان گزیٹیڈ ایمپلائز یونین کے صدر رئوف احمد بٹ نے بتایاکہ زیادہ تر ملازمین پہلے سے ہی اپنے محکمہ جات سے اجازت لیکر گھروں کوروانہ ہوگئے تھے جبکہ 45فیصد ملازمین بدستور کام کررہے ہیں ۔ایک ملازم نے بتایاکہ وہ 15اپریل کو واپس جموں آئیں گے تاکہ دربار موو کے سلسلہ میں دفتر پہنچ سکیں لیکن ابھی تک دربار کی منتقلی پر کوئی فیصلہ نہیں آیاہے ۔عام طور پر جموں سے سرینگر کیلئے دربار موو اپریل کے آخری ہفتے میں ہوتاہے ۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے ایک افسر نے بتایاکہ دربار موو کے سلسلے میں ایک ہفتے کے اندراندر فیصلہ متوقع ہے ۔
 

تازہ ترین