کروناکا بڑھتاپھیلائو :بھارت میں 328 نئے کیس سامنے

ہلاکتیں50،متاثرین کی تعداد1965 ہوگی

تاریخ    3 اپریل 2020 (00 : 01 AM)   


 نئی دہلی//ملک کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ 19) کے 328 کیسز کے ساتھ ہی اس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1965 ہو گئی ہے اور12 افراد کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 50 ہو گئی ہے ۔کورونا وائرس سے اب تک کل 151 افراد شفا یاب ہوئے ہیں جن میں سے ایک شخص بیرون ملک جاچکا ہے ۔وزارت صحت کی بدھ کے روز جاری رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس ملک کی 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے اور اب تک اس کے 1965 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے ۔ان میں 49 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس کے انفیکشن سے ملک بھر میں اب تک 50 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ 151 لوگ صحت مند ہو چکے ہیں۔مہاراشٹر، کیرالہ، کرناٹک، تلنگانہ، گجرات، راجستھان، اترپردیش اور دہلی میں انفیکشن کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں. دہلی میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 152 ہو گئی ہے ۔ کوروناوائرس سے مہاراشٹر میں 13، گجرات اور مدھیہ پردیش میں چھ چھ، پنجاب میں چار، کرناٹک، تلنگانہ، ار مغربی بنگال میں تین تین، دہلی، کیرالہ، جموں و کشمیر اور اترپردیش میں دو دو، بہار، ہماچل پردیش، تمل ناڈو اور آندھرا پردیش میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔ کورونا وائرس (کووڈ 19) سے متاثر گورودوارہ شری ھرمندر صاحب کے سابق حضوری راگی پدم شري بھائی نرمل سنگھ خالصہ (62) کا جمعرات کی صبح انتقال ہو گیا ۔ اس موت کے ساتھ ہی پنجاب میں کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر پانچ ہو گئی ۔ بھائی نرمل سنگھ خالصہ (62) 30 مارچ کو گرو نانک دیو اسپتال کے جنرل وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا، کیونکہ ایکس رے میں ان کے پھیپھڑوں کے ساتھ ساتھ سینے میں شدید انفیکشن کا انکشاف ہوا تھا ۔
 

تازہ ترین