تازہ ترین

کوروناوائرس ۔۔۔

3 اپریل 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

 سوپور میں عوام کی نقل و حرکت گھروں تک محدود 

ترقیاتی کمشنر نے اشیائے ضروریہ کی دستیابی کا جائزہ لیا

غلام محمد 
سوپور//وادی کشمیر کے دیگر علاقوں کی طرح شمالی قصبہ سوپور اور اس کے نواحی علاقوں میں کورونا وائرس سے بچائواور احتیاط کیلئے لاک ڈائون کا نفاذ سختی سے جاری ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کے عہدیدار لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔اس دوران ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو نے سوپور کا دورہ کیا اور قصبے میں لاک ڈائون اور ضروری اجناس کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایس ایس پی سوپور اور اے ڈی سی سوپور کو ہدایت دی کہ قصبے میں لاک ڈائون کو سختی سے عملایا جائے۔انہوں نے محکمہ خوراک کو بھی ہدایت دی کہ قصبے میں ضروری اجناس راشن، دورھ اور سبزیوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کام کریں۔دریں اثناء پولیس نے قصبے میں لاک ڈائون کے سلسلے کو مزید سخت کیا ،جگہ جگہ تار بندی کی اور لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت دی۔
 

پولیس کی امدادی سرگرمیاں

سرینگر، کپوارہ اور سوپورمیں غذائی اجناس تقسیم

سرینگر//پولیس نے ضرورتمند لوگوں تک غذائی اجناس کو پہنچانے کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے سرینگر اور کپواڑہ میں کھانے اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کیں۔سرینگرمیں شہید گنج اور شیرگڑھی تھانوںکے دائرہ کار میں غریب کنبوں اورغیر مقامی باشندوں میں کھانے اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔ پولیس نے کرن نگر میں این جی او مراوت کی طرف سے راشن کی تقسیم کاری میںبھی مدد فراہم کی۔ کپوارہ میں پولیس تھانہ سوگام نے رضاکار لوگوں کے ہمراہ چندی گام علاقے میںضرورتمند افراد میں کھانا اور ضروری اشیاء تقسیم کی گئیںجبکہ پولیس پوسٹ کھرہامہ کے علاقے میںضرورتمند افراد میں کھانا اور ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں ۔اسی طرح سے سوپور پولیس نے بھی تھانہ تارزو اور پولیس پوسٹ پوت کھاہ میںراشن تقسیم کیا ۔اس کے علاوہ پولیس نے اے ٹی ایم بوتھوںپر لوگوں کو مناسب دوری کو یقینی بنانے میں بھی مدد فراہم کی ۔
 

گاندربل میں محکمہ بجلی کے ڈیلی ویجرحفاظتی کٹس سے محروم 

ارشاد احمد
 
 گاندربل//ضلع گاندربل میں محکمہ بجلی کے سب ٹرانسمشن ڈویژن میں تعینات سینکڑوں ڈیلی ویجر کوروناوائرس جیسی وباء کے باوجود جان جوکھم میں ڈال کر عوام کو بغیر کسی خلل کے برقی رو فراہم کررہے ہیں۔ آج تک ضلع انتظامیہ کی جانب سے انہیںلازمی پاس فراہم نہیں کئے گئے ہیں اور نہ ہی کروناوائرس سے بچنے کے لئے حفاظتی کٹ فراہم کئے گئے ہیں۔محکمہ بجلی کے اس سب ٹرانسمشن ڈویژن میں اس وقت سینکڑوں ڈیلی ویجر عوام کو برقی رو فراہم کرنے کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں جبکہ ایک سال سے تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے ماسک بھی خریدنے سے قاصر ہیں۔ ڈیلی ویجر ایسوسی ایشن کے صدر فیاض احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے ایک سال سے انہیں تنخواہیں فراہم نہیں کی جارہی ہیں جبکہ حال ہی میں لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے جاری ایک حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ایک ماہ کی پیشگی تنخواہ فراہم کی جائے۔انہوںنے لیفٹیننٹ گورنر اور منیجنگ ڈائریکٹر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے تنخواہیں واگذار کرنے اور کرفیو پاس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ 
 

وترگام کے شہری کی ذاتی صفائی مہم

فیاض بخاری
 
 بارہمولہ // بارہمولہ ضلع کے وترگام رفیع آباد علاقے سے تعلق رکھنے والے نثار احمدنجار نامی ایک شہری’ ماحول بچائو اور رفیع آباد بچائو‘ مہم کے تحت اپنی جان کی پرواہ کئے بغیررضا کارانہ طور گلیوں اور عمارتوں کو صاف ستھرا بنانے کیلئے ایک سپرے مشین لیکر گھر سے نکلے ہیں۔ پیشے سے ایل آئی سی ایجنٹ نثار احمد نے اپنی صحت کی پرواہ کئے بغیر ہسپتالوں ، بینکوں ، مساجد ، ایمبولینسوں اور پٹرول پمپوں پر جاثیم کش ادویات کا چھڑکائو کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’جب ہم محفوظ رہیںگے تب ہمارا ماحول بھی محفوظ رہے گا‘‘۔انہوں نے کہا ’’میں جانتا ہوں کہ میں یہ سب انسانیت کی خاطر کررہا ہوں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح وہ اکیلے درخت لگاتا ہے ، پلاسٹک کا فضلہ جمع کرتا ہے اور گرد و نواح کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے لوگوں کو آگاہ کرتا ہے‘‘۔
 

 غیر سرکاری تنظیمیں بھی سرگرم 

ترال میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو 

سید اعجاز
ترال//ترال میں ایک دینی ادارے سنی میوریل ٹرسٹ نے انتظامیہ کی مدد کر کے کئی دیہات اور سرکاری دفاتر میں جراثیم کش ادویات کاچھڑکائو کیا جبکہ صفائی کرنے والے اہلکاروں اور طبی و نیم طبی عملے میںخصوصی وردیاں تقسیم کیں ۔ٹرسٹ کے چیئر مین بلا ل رضا ہمدانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ادارے کی جانب سے نہ صرف صفائی ستھرائی اوردوائیوں کا چھڑکاوکیا گیا بلکہ مختلف علاقوں ماسکوںکو عام لوگوں اور ہسپتالوں میں تعینات طبی و نیم طبی عملے میںتقسیم کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے ٹرسٹ کے اس قدام کی سراہنا کی ہے ۔
 

اوڑی میں قرنطینہ مراکز کامعائنہ

ظفر اقبال
اوڑی//ایڈیشنل سیکریٹری ایجوکیشن و ڈیوٹی مجسٹریٹ بارہمولہ نصیر احمد وانی نے بدھ کو پرائمری ہیلتھ سنٹر بونیار میں وادی واپس لوٹ چکے لوگوں کی سکریننگ کا جائزہ لیا۔ اس سے قبل نصیر احمد وانی نے اوڑی میں انتظامیہ کی طرف سے قائم کئے گئے مختلف قرنطینہ مراکز جن میں ٹی آر سی سلام آباد،مہورہ اور شاہ کوٹ کا بھی معائنہ کیا۔
 

زچگی میں مبتلا خاتون سرینگر منتقل 

فوج نے گریز سے ہیلی کاپٹرسہولیات فراہم کیں

سرینگر//فوج نے داورگزیز میں زچگی میں مبتلا ایک خاتون کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سرینگر پہنچایا ۔گریز علاقہ کا برفباری کے بعد دیگرعلاقوں سے رابطہ منقطع ہے اور رازدان ٹاپ پر بھاری برف جمع ہونے کی وجہ سے سڑک ہنوز بند ہے ۔مذکورہ خاتون کی حالت 4روز سے بگڑرہی  تھی جس کے بعد مقامی انتظامیہ نے یکم اپریل کو داور میں قائم فوجی کیمپ کو اس صورتحال سے مدد طلب کی اور فوج نے مذکورہ خاتون کو گریز میں قائم فوجی ہیلی پیڈ پر پہنچایا جہاں سے اسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سرینگر پہنچایا گیا اور اب وہ لل دید ہسپتال میں زیر علاج ہے۔