تازہ ترین

دھونی اوروراٹ سے زیادہ تعاون گنگولی سے ملا: یوراج

2 اپریل 2020 (00 : 12 AM)   
(      )

یو این آئی
نئی دہلی؍ ہندستان کے سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ان کے کیریئر کے دوران مہندر سنگھ دھونی اور کپتان وراٹ کوہلی سے زیادہ تعاون سابق کپتان سورو گنگولی سے ملا۔گنگولی کی کپتانی میں ڈیبو کرنے والے یوراج نے گزشتہ سال جون میں کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔ 38 سالہ یوراج نے اسپوٹرس اسٹار سے کہاکہ میں نے گنگولی کی قیادت میں کھیلا اور مجھے ان سے کافی تعاون ملا۔ اس کے بعد دھونی آئے اور میرے لئے گنگولی اور دھونی کے درمیان کا انتخاب مشکل ہے۔ لیکن گنگولی کے ساتھ میری بہت سی یادیں ہیں کیونکہ انہوں نے میرا کافی ساتھ دیا ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ ایسی حمایت مجھے دھونی یا وراٹ سے ملی۔یوراج نے دھونی کی کپتانی میں 2011 میں ہندوستان کی ون ڈے ورلڈ کپ جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا اور وہ مین آف دی ٹورنامنٹ رہے تھے۔ وہ دھونی کی کپتانی میں 2007 میں پہلا ٹی -20 ورلڈ کپ جیتنے والی ہندستانی ٹیم کے رکن بھی تھے۔قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے حکومت ہند نے 21 دنوں کے لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے اور ایسے میں یوراج بھی دوسرے لوگوں کی طرح گھر میں رہ کر وقت گزار رہے ہیں۔یو این آئی۔