درماندہ افراد کو انسانی بنیاد پر واپس لایا جائے

یوسف تاریگامی کا لیفٹیننٹ گورنر کے نام مکتوب

1 اپریل 2020 (37 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر// سی پی آئی ایم کے لیڈر یوسف تاریگامی نے لیفٹیننٹ گورنر کے نام مکتوب میں اپیل کی ہے کہ مختلف ریاستوں میں درماندہ کشمیری طلباء و طالبات اور مزدوروں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر واپس لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو کے نام مکتوب میں تاریگامی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کوروناوائرس کی وجہ سے دہشت مچی ہوئی ہے اور ملک بھر میں جاری لاک ڈائون کی وجہ سے مختلف ریاستوں میں پھنسے کشمیری طلاب ،مزدوروں اور تاجروں کی واپسی کا معاملہ متعلقہ ریاستوں کے ساتھ اٹھایا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب ،ہریانہ ،ہماچل پردیش ،دلی ،اتر پردیش اور دیگر ریاستوں میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے لاک ڈائون کی وجہ سے جموں و کشمیرسے تعلق رکھنے والے طلباء ،تاجر اور مزدوردرماندہ ہیں اوران میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،جو پریشانیوں میں مبتلاء ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان افراد کومحفوظ طریقے سے واپس لانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی ریاستوں میں پھنسے مزدور طبقے اور نجی اداروں میں کام کرنے والے لوگ کھانے پینے اور رہائش کیلئے پریشان ہیں کیونکہ ان کے پاس آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ افراد اب ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے سے بھی قاصر ہیں اور ان سبھی کو واپس لانے کیلئے ٹرانسپورٹ سہولیت فراہم کی جانی چاہئے ۔
 

تازہ ترین