سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے:حریت (ع) کا مکرر مطالبہ

لوگوں کو ماہرین کے مشوروں پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید

1 اپریل 2020 (37 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر// حریت کانفرنس (ع) نے اپنا یہ مطالبہ دہرایا ہے کہ مہلک کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے وبا ء کے پیش نظر جموں وکشمیر کے تمام سیاسی نظر بندوں اور اسیران، جو جموںوکشمیر سمیت بھارت کے مختلف جیلوں میں قید و بند کی زندگیاں گذار رہے ہیں، کوفوری طور رہا کیا جائے تاکہ محبوسین اور اسیران کے عزیز و اقربا ء اور متعلقین کوانکی صحت اور سلامتی کے تئیں شدید ذہنی اضطراب اوربے چینی سے نجات مل سکے۔حریت (ع) نے ایک بیان میں حقوق انسانی کی معتبر اور مستند تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ انسانیت کی عظیم قدروں کو مد نظر رکھتے ہوئے جموںوکشمیر کے جملہ اسیران کی رہائی ممکن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔حریت (ع)نے عالمی سطح پر سنگین اور جان لیوا کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی گرفت پر سخت فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جموںوکشمیر کے عوام سے ایک بار پھر پْر زور تاکید کی کہ وہ اس مہلک اور متعدی وبا ء سے خودکواور اپنے سماج کو بچانے کیلئے طبی ماہرین اور متعلقین کی آراء اور مشوروں پر پوری سختی کے ساتھ عمل کریں اور ہدایات کے مطابق اپنے اپنے گھروں میں ہی ہر صورت میں قیام کو یقینی بنائیں۔بیان میں عام لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر ، چوراہوں، سڑکوں اور دکانوں کے تھروں پر بیٹھنے سے پرہیز کرنے کے ساتھ ساتھ ان کٹھن حالات اور آزمائش کے اوقات کا عزم و حوصلہ اور ہمت و استقلال کے ساتھ مقابلہ کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
 

تازہ ترین