لاک ڈائون سے پیدا صورتحال سے نمٹنے کیلئے فلاحی، رضا کار تنظیمیں اور مسجد کمیٹیاں مجبوروں کی مدد کیلئے آگئے آئیں

1 اپریل 2020 (37 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر//وادی میں کورونا لاک ڈائون سے پیدا مسائل میں فلاحی و رضا کار انجمنوں کو اپنا کردار ادا کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کشمیر ٹریڈ الائنس نے محلہ کمیٹیوں کو گردو نواح میں مستحقین اور مجبوروں کی مدد کرنے پر زور دیا ہے۔ ٹریڈ الائنس، جو کہ کشمیر اکنامک الائنس کی ایک اکائی ہے، نے موجودہ صورتحال میں فلاحی و رضاکارانہ انجمنوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور ضوابط کے تحت سماجی فاصلہ بناتے ہوئے مجبور لوگوںکی مدد کیلئے آگے آئیں۔ ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز احمد شہدار نے بتایا کہ اس نازک صورتحال میں مساجد و محلہ کمیٹیوں کو چاہے کہ وہ اپنے گردو نواح میں نظر ان مفلسوں،غریبوں اور مجبور وں کی مدد کیلئے آگے آئیں جو موجودہ حالات کا شکار ہیں۔ اعجاز احمد شہدار،جو کشمیر اکنامک الائنس کے نائب چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ محلہ کمیٹیوں کے پاس ہمیشہ ایسے مستحقین اور مجبوروں کی فہرست موجود ہوتی ہے اور وہ اس نازک گھڑی میں ایڈ وائزریوں پر عمل کرکے ان کی مدد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ہڑتالوں، اعلانیہ و غیر  اعلانیہ کرفیو،بندشوں،سیلاب اور نامساعد حالات کے دوران ان رضاکارانہ کمیٹیوں نے ہمیشہ صف اول میں رہ کر مجبور لوگوں کی مدد کی ہے، وقت کی پکار ہے کہ ایک بار پھر وہ اسی جوانمردی،ہمت اور حوصلے کامظاہرہ کرتے ہوئے لوگوں کی مدد کو اپنا شعار بنائیں۔ 
 

تازہ ترین