اشیائے ضروریہ و دیگر خدمات کو یقینی بنانے کیلئے کوآرڈینیشن ٹیموں کی تشکیل

اٹل ڈولو نے روزانہ بنیادوں پر رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی

1 اپریل 2020 (00 : 12 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
جموں//کورونا وائیرس وبائی بیماری کے پیش نظر پید صورتحال سے نمٹنے کیلئے منگل کو سیول سیکرٹریٹ میں نئی تشکیل شدہ کوآرڈینیشن ٹیموں کی پہلی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اٹل ڈولو نے انجام دی ۔ کوآرڈینیشن ٹیموں کی تشکیل اشیائے ضروریہ کی نقل و حمل و دیگر خدمات انجام دینے کیلئے دی گئی ہے ۔ میٹنگ کے دوران فائنانشل کمشنر نے مختلف کوآرڈینیشن ٹیموں، جنہیں رسپانس ٹاسک فورس کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے، کی طرف سے کی جا رہی کوششوں کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ کے دوران اٹل ڈولو نے متعلقہ ٹیموں کو روزانہ بنیادوں پر پیدا صورتحال کے بارے میں مشترکہ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی اور اس رپورٹ کو’ اپیکس ہیلتھ کنٹرول روم‘ کو پیش کرنے کی ہدایت دی تا کہ لوگوں کو درپیش کوئی بھی مسئلہ فوری طور حل کیا جا سکے ۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ایچ ایم جو اپیکس ہیلتھ کنٹرول روم کے انچارج بھی ہیں، تمام محکموں کے ساتھ رابطہ رکھیں گے ۔ محکمہ اطلاعات کو سوشل میڈیا کے علاوہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر ہیلپ لائین نمبرات کو لگاتار تشہیر کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ مرکزی حکومت جموں اور سرینگر کے دونوں شہروں میں آج ائیر کارگو سروس کے ذریعے وینٹی لیٹر بھیج رہی ہے ۔ اس کے علاوہ ڈاکٹروں ، نیم طبی عملے اور نرسوں نے جی ایم سی سرینگر ، جی ایم سی جموں ، ڈی ایچ ایس جموں اور ڈی ایچ ایس سرینگر میں اپنی خدمات فراہم کرنے کیلئے پیش قدمی کی ہے ۔ 
 

تازہ ترین