تازہ ترین

عالمی وباء کورونا وائرس کے پیش نظر | کشمیر کے سیاسی قیدیوں کو رہاکیا جائے/ پاکستان

31 مارچ 2020 (58 : 01 AM)   
(      )

مانیٹرنگ ڈیسک
 سرینگر// پاکستان نے کورونا وائرس کے نتیجے میں پیدا صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جموں و کشمیر کے سبھی سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستانی دفترخارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق جموں و کشمیر میں کوروناوائرس کے کئی کیسوں کی تصدیق کے باوجود خطے میں عائد پابندیوں پر پاکستان کو گہری تشویش ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سینکڑوں کشمیری نوجوان، سیول سوسائٹی اراکین اور سیاسی قائدین بدستور جیلوں میں قید ہیں ،جن میں کئی افراد کو نامعلوم مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔دفترخارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری فورسز خطے میں پبلک سیفٹی ایکٹ اور آرمڈ فورسز اسپشل پاور ایکٹ جیسے غیر انسانی قوانین کے تحت سرگرم ہیں۔کشمیری قائدین کی مسلسل گرفتاری پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بیان میںکہا گیا ہے کہ حریت کانفرنس کی سینئر قیادت اپنے گھروں یا مختلف جیلوں میں بند ہے، محمدیاسین ملک، آسیہ اندرانی اور دیگر رہنما جھوٹے مقدمات میں بغیر کسی ٹرائل کے  جیلوں میں ہیں۔یاسین ملک سے متعلق بیان میں کہاگیا ہے کہ اُن کی صحت مسلسل بگڑتی جارہی ہے ۔پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا اس وقت صحت کے حوالے سے بدترین ایمرجنسی کا شکار ہے جبکہ بھارت کی نو لاکھ فوج اورپیرا ملٹری جموں وکشمیر میں معصوم شہریو ں پر ظلم و ستم ڈھانے میں مصروف ہے۔