آر بی آئی ہدایات کے باجودبینک قرضوںکی قسطیں کٹ رہی ہیں

چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کا اظہار تشویش

31 مارچ 2020 (58 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر// چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، کشمیر اور کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے آر بی آئی کی طرف سے قرضوں کی آسان ماہانہ قسطوں کو موخر کرنے کے ہدایات کے جموں کشمیر کے مالیاتی اداروں کی سے تاجروں کے کھاتوں سے اس کی از خود حصولیابی کا سلسلہ شروع کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر، کشمیر کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ آر بی آئی کی طرف سے رواں لاک ڈائون کے نتیجے میں واضح گائڈ لائنز جاری کی گئی ہیں اور بتایا گیا ہے کہ ای ایم آئیز تین ماہ تک قرضوں کی قسطیں نہیں کاٹی جائیں گی۔چیمبر کے سیکریٹری جنرل طارق رشیدگانی کا تاہم کہنا ہے کہ بینکوں کی جانب سے ان گائڈ لائنز کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا ’’ہم یہ سمجھ نہیں پاتے کہ بینک کیوں قرضوں کی قسط خودہی کاٹتے کر قرضداروں کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہیں‘‘۔اس دوران کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے قائمقام صدر منظور احمد بٹ نے کہا کہ بنک کھاتوں سے ماہانہ قسطوں کو کاٹنے کا کوئی بھی جواز نہیں بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے قرضداروں کو یہ بھی حق حاصل ہے کیونکہ آر بی آئی نے تمام مالیاتی اداروں بشمول جموں کشمیر بنک کو آئندہ3ماہ کیلئے قرضوں کے آسان ماہانہ قسطوں کی حصولیابی کے عمل کو موخر کرنے کی ہدایت دی ہے،تاہم جموں کشمیر دوسرا ہی معیار اختیار کر رہا ہے۔کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے قائمقام صدرنے کہا’’ تاجروں کو پیر سے فون پر مطلع کرنا شرع کیا کہ انکے کھاتوں سے ماہانہ قسطوں کو کاٹا جا رہا ہے،اور اس سلسلے میں جب بنک کے اعلیٰ منتظمین سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ قرض داروں کو چاہے کہ وہ انکے کھاتوں سے قرضوں سے متعلق قسطوں کو نہ کاٹنے  اور اس عمل کو موخر کرنے کیلئے تحریری طور پر درخواستیں دیں‘‘۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا’’ ہزاروں قرض داروں کیلئے یہ کیونکر ممکن ہے کہ وہ سخت بندشوں اور لاک ڈائون کے دوران بنکوں میں جاکر انہیں درخواستیں پیش کریں،جبکہ تاجر دیگر لوگوں کی ہی طرح سماجی فاصلہ بنا رہے ہیں‘‘۔ منظور حمد بٹ نے کہا’’ بنک منتظمین تاجروں کے کھاتوں میں وہ رقم واپس جمع کریں جو انہوں نے کاٹی ہیں،تاکہ تاجروں کو ان مشکل اوقات میں پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جموں کشمیر بنک کے چیف ایگزیکٹو افسر و دیگر منتظمین آر بی آئی کے رہنما خطوط جموں کشمیر میں بھی لاگو کریں گے۔
 

تازہ ترین