نائیڈو کی ارکان پارلیمنٹ سے عطیہ دینے کی اپیل

تاریخ    30 مارچ 2020 (22 : 01 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// نائب صدر ونکیا نائیڈو نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ممبران پارلیمنٹ سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے ان سے اپنے ممبرپارلیمنٹ فنڈ میں عطیہ دینے کو کہا ہے ۔ نائیڈو نے اتوار کو یہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر ایک ممبر پارلیمنٹ اپنے ممبر پارلیمنٹ فنڈ میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے عطیہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم ایک کروڑ روپے ہر ممبر پارلیمنٹ کو آغاز میں دینے چاہئے ۔نائب صدر نے سماجی تنظیموں اور رضاکار اداروں سے غریبوں اور کمزوروں کو کھانا فراہم کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے تارکین وطن محنت کشوں کے لئے بھی کھانے کا انتظام کیا جاناچاہیے ۔ انہوں نے لوگوں سے وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں عطیہ دینے کی اپیل کی۔تمام ممبران پارلیمنٹ کے نام مکتو ب میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بنی نوع انسان کے سامنے ایک غیر معمولی بحران پیدا ہوگیا ہے ۔ اس سے نمٹنے کے لیے حکومت، شہری تنظیموں، پرائیویٹ سیکٹرز اور عام آدمی کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ نائیڈو نے مالی، انسانی وسائل اور ضروری اشیا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مختلف ذرائع سے وسائل اکٹھا کر رہی ہے ۔ اس میں سبھی کو تعاون کرنا چاہئے جس سے ضلع اور مقامی سطح پر لوگوں کی مدد کی جا سکے ۔انہوں نے مہاجر محنت کشوں کے حالات جاننے کے لئے مرکزی لیبر اور روزگار وزیر سنتوش گنگوار اور کابینہ سکریٹری راجیو گابا سے بات کی۔نائب صدر نے کہا کہ ممبرپارلیمنٹ فنڈکے استعمال سے متعلق قواعد و ضوابط میں حکومت نے تبدیلی کی ہے ۔ کورونا وائرس کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس سلسلہ میں ہدایات بھی جاری کئے گئے ہیں۔اس سے قبل مسٹر نائیڈو نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے جنرل سکریٹریوں، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش اور ایوان میں اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران کے ساتھ بات چیت کی۔ادھر سینٹر ل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای ) نے کورونا وائرس سے لڑنے کے’ پی ایم کیئر فنڈ‘ میں 21 لاکھ روپے عطیہ دیا۔بورڈ کے سکریٹری انوراگ ترپاٹھی نے اتوار کو یہاں ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے بے مثال بحران پیدا ہو گیا ہے ۔لاکھوں غریب مصیبت میں ہیں۔ ترپاٹھی نے کہا ہے کہ سی بی ایس ای ایسے بحران میں پہلے بھی اپنی طرف سے تعاون کرتا رہا ہے ۔ اس بار گروپ اے کے ملازمین نے دو دن کا اور گروپ بی اور سی کے عملہ نے ایک دن کی تنخواہ وزیراعظم کیئر فنڈ میں دی ہے تاکہ حکومت اس وبا سے لڑ سکے ۔
 

تازہ ترین