تازہ ترین

مغربی ہوائیں پھر جموں وکشمیر میں داخل ہوں گی

۔31مارچ سے 2اپریل تک بارشوں اور برف باری کا امکان

30 مارچ 2020 (12 : 12 AM)   
(      )

اشفاق سعید
سرینگر //محکمہ موسمیات نے ٹنل کے آر پار تازہ بارشوں اور برف باری کے ایک اور مرحلہ کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 31مارچ کو جموں وکشمیر میں پھر مغربی ہوائیں داخل ہوں گی جس کے نتیجے میں 2اپریل تک ٹنل کے آر پار بھاری بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا اور جموں سرینگر شاہراہ سمیت دیگر سڑکیں تودے گر آنے والی وجہ سے بند ہو سکتی ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کے مطابق فی الحال لداخ اور کشمیر میں 31مارچ تک موسم اَبرآلودہ رہے گا اور جموں میں موسم میں بہترگا ۔سونم لوٹس کے مطابق ٹنل کے آر پار میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا ایک اور تازہ مرحلہ 31مارچ سے 2اپریل کی دوپہر تک جاری رہے گا ،اس دوران زوجیلہ ، دراس اور لداخ کے زنسکار کے کچھ ایک علاقوں میں برف باری ہو سکتی ہے ۔جموں وکشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوں گی۔سونم لوٹس کے مطابق آنے والے دنوں میں ہونے والی بارشیں جموں سرینگر قومی شاہراہ کے بانہال ، رام بن اور دیگر علاقوں میں تودے گرنے کا سبب بن سکتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران تیز رفتار ہوائوں کے چلنے کا امکان بھی رہتا ہے ۔انہوں نے کسانوں کو آگاہ کیا کہ وہ اپنے باغابات اور کھیتوں کا چھڑکائو ملتوی کریں اور کھیتوں سے پانی کو باہر نکالنے کیلئے بھی تیاری کر کے رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ ان بارشوں سے سڑکیں اور گلی کوچے بھی زیر آب آسکتے ہیں ۔سونم لوٹس نے اس دوران لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا وائرس کی زنجیر کو توڑنے کیلئے گھروں میں ہی رہیں ۔