وزیراعظم کا چین سے لوٹے کشمیری طالب علم کو فون

ووُہان کے حالات کے بارے میں جانکاری حاصل کی

29 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
سرینگر//ووہان چین سے واپس لوٹے کشمیری طالب علم کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی نے فون پر بات کرکے وہاں کے حالات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ کوروناوائرس کے مرکز ووہان چین میں زیر تعلیم کشمیری طالب علم نظام الرحمان جو وہاں یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا، کے ساتھ گذشتہ روز وزیر اعظم نریندر مودی نے فون پر بات کی ۔نظام  الرحمان کشمیر سے تعلق رکھتا ہے اور وُوہان میں MBBSکی ڈگری کررہا تھا تاہم کوروناوائرس کی وجہ سے پھیلی افراتفری کے بعد مرکزی سرکار کی جانب سے اُسے دیگر ساتھیوں سمیت واپس لایا گیا ۔ مذکورہ طالب علم سے وزیر اعظم نریندر مود ی نے فون پر بات کی اور اُ س سے ووہان کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ اس موقعہ پر فون پر بات کرتے ہوئے  نظام الرحمان نے کہا کہ ہمیں کورنٹائن میں بہتر سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوںنے وزیر اعظم اور مرکزی سرکار کا بھی شکریہ اداکیا جنہوں نے انہیں واپس لانے کیلئے اقدامات کئے ۔
 

عوام سے عطیہ کی اپیل

یو این آئی
 
نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی نے اہل وطن سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس سے نپٹنے کے اقدامات میں حکومت کی مدد کے لئے آگے آئیں اور خاص طورپر قائم کئے گئے فنڈ میں رضاکارانہ طورپر عطیہ کریں۔ مودی نے سنیچر کو ٹوئٹ کے ذریعہ یہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک سے لوگوں نے کووڈ۔19سے لڑائی میں رضاکارانہ طورپر تعاون کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ اس جذبہ کا احترام کرتے ہوئے وزیراعظم شہری تعاون اور آفت کے وقت میں راحتی فنڈ یعنی’’ پی ایم کیئرس فنڈ ‘‘قائم کیا گیا ہے ۔ صحت مند ہندستان کی تعمیر میں یہ نہایت موثر ثابت ہوگا۔انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ اہل وطن سے میری اپیل ہے کہ وہ برائے مہربانی پی ایم کیئرس فنڈ میں عطیہ کے لئے آگے آئیں۔ اس کا استعمال آگے بھی اس طرح کی آفت کی صورتحال میں کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آئے اور اپنی آئندہ نسلوں کے لئے  ہندستان کو صحت مند اور خوشحال بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔
 

تازہ ترین