متاثرہ شخص کے رابطے میں آنے والے افراد

راجوری کے 40اورجموں کے5کی شناخت

28 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

سمت بھارگو

ڈاکٹر، وکیل اور پنچایتی نمائندگان بھی شامل 

 
راجوری //گزشتہ رو ز کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے منجاکوٹ کے معمر شہری کے رابطے میں نہ صرف ضلع راجوری میںبڑی تعداد میں لوگ آئے بلکہ جموں اور دیگر مقامات کے کچھ لوگ بھی اس کے رابطے میں رہے ہیں ۔متاثرہ شخص جو ریٹائرڈ سرکاری ملازم ہے ، کے رابطے میں آئے ضلع راجوری کے40افراد کی شناخت کرلی گئی ہے جبکہ دیگرایسے افراد کی شناخت بھی کی جارہی ہے ۔ضلع انتظامیہ کی طرف سے اس سلسلے میں افرادی قوت اورمشینری کو پوری طرح سے متحرک کیاگیاہے ۔واضح رہے کہ 66سالہ معمر شہری ریٹائرڈ ڈاکٹر ہے جسے جمعرات کی شام کورونا وائرس میں مبتلا پایاگیا۔متاثرہ شخص تبلیغی جماعت سے وابستہ ہے اوراس کے رابطے میں نہ صرف جموں وکشمیر بلکہ بیرون جموں وکشمیر کے لوگ بھی آئے ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ منجاکوٹ کے شہری کے متاثر ہونے کی اطلاع ملتے ہی الرٹ جاری کردیاگیااور انتظامیہ و پولیس نے محکمہ صحت و پنچایتی نمائندگان کی مدد سے اس کے رابطے میں آئے افراد کی تلاش شروع کردی ۔ذرائع نے بتایاکہ جمعہ کی شام تک ایسے 40افراد کی شناخت کی گئی جن میں سے بیشتر متاثرہ شخص کے رشتہ دار اور کچھ مریض ہیں جن کا مذکورہ ریٹائرڈ ڈاکٹر نے علاج کیاہے۔ڈپٹی کمشنر راجوری محمد نذیر شیخ نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ بارش اورخراب موسم کے باوجود دودرجن افراد کو شناخت کے بعد ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ منتقل کیاگیاہے ۔انہوںنے بتایاکہ ابھی تک 40افراد کی شناخت ہوئی ہے جا براہ راست یا بالراست متاثرہ شخص کے رابطے میں آئے جبکہ مزید کی شناخت کا عمل جاری ہے۔متاثرہ شخص کے رابطے میں آئے افراد میں کئی ڈاکٹر ، وکیل اور پنچایتی نمائندگان بھی شامل ہیں ۔ابتدائی رپورٹ کے مطابق ضلع کے 40جبکہ جموں کے 5افراد کی شناخت کی گئی ہے جنہیں طبی نگرانی میں رکھاجائے گا۔دریں اثناء ضلع انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ تبلیغی جماعت سے وابستہ وہ سبھی افراد رضاکارانہ طور پر سامنے آئیں جو متاثرہ شخص کے ساتھ رابطے میں رہے یااس کے ساتھ بیرون جموں وکشمیر گئے۔

تازہ ترین