تازہ ترین

منجاکوٹ تحصیل کو سیل کردیاگیا

ضلع پونچھ میں داخلے پر پابندی عائد

28 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

سمت بھارگو
راجوری //راجوری کی تحصیل منجاکوٹ کو ہر طرف سے سیل کردیاگیاہے اور نہ ہی باہر سے کسی کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت ہے اور نہ ہی اندر سے کوئی باہر جاسکتاہے ۔ یہ اقدام منجاکوٹ تحصیل سے تعلق رکھنے والے معمر شہری کے کورونا وائرس میں مبتلا پائے جانے کے بعد کیاگیاہے جس کے رابطے میں بڑی تعداد میں دیگر لوگ بھی آئے ہیں جنہیں اب ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ ز میں منتقل کیاجارہاہے ۔تحصیل کو سیل کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر راجوری محمدنذیر شیخ کی طرف سے ایک حکم جاری کیاگیاہے جس میں بتایاگیاہے’’انتظامیہ کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے شخص کے رابطے میں آنے والے افراد کی شناخت کرنے کے عمل میں مصروف ہے اس لئے تحصیل کے داخلی اور خارجی راستوں کومکمل طور پر سیل کیاجاتاہے تاکہ متاثرہ شخص کے رابطے میں آنیوالے افراد کی طبی جانچ کی جاسکے ،کیونکہ کہیں ایسا نہ ہوکہ یہ وائرس کسی دوسرے شخص میں بھی مبتلا ہواہو‘‘۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس حکمنامہ کی پاسداری کرنے کا حکم دیاگیاہے ۔دریں اثناء منجاکوٹ سے جڑے پونچھ ضلع میںالرٹ جاری کرتے ہوئے ضلع میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔پولیس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایاگیاہے کہ پونچھ ضلع کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیاگیاہے اور اشیائے ضروریہ کے علاوہ آرمڈ فورسز اور محکمہ صحت کی گاڑیوں کے بغیر کسی بھی گاڑی کو نہ ہی ضلع میں داخل ہونے اور نہ ہی باہر جانے کی اجازت ہوگی ۔بیان میں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مزید حکم جاری ہونے تک ضلع کا رخ نہ کریں اور نہ ہی ضلع کے باہر نکلیں ۔