تازہ ترین

ایڈوائزری کی خلاف ورزی

تعمیراتی کام جاری رکھنے پرپانپور کاٹھیکیدار گرفتار

28 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

سیداعجاز
سرینگر//   اونتی پورہ پولیس نے لاک ڈائون سے متعلق حکومتی احکامات کونظراندازکرکے تعمیراتی کام جاری رکھنے کی پاداش میں ایک مقامی ٹھیکیدار کوحراست میں لے لیا۔معلوم ہواہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز اونتی پورہ کی حدودمیں آنے والے علاقہ درنگہ بل پانپورمیں ایک ٹھیکیدارنے لاک ڈائون کے باوجودتعمیراتی کام جاری رکھنے کیلئے 35مزدوروں اورکاریگروںکوکام پر لگایا تھا۔پولیس کے مطابق  لاک ڈائون کے دوران تعمیراتی کام جاری رکھنے سے متعلق شکایت اورشواہد ملنے کے بعداونتی پورہ پولیس نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی ہدایت پرکارروائی عمل میں لاتے ہوئے درنگہ بل پانپور میں جاری تعمیراتی کام کوبندکرادیاجبکہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں ٹھیکیدارمنیر احمدمیرساکنہ درنگہ بل کوحراست میں لیاگیا۔بیان کے مطابق ٹھیکیدارکومجسٹریٹ کی جانب سے ہدایت دی گئی تھی کہ غیرریاستی مزدوروں کی حالیہ سفری تفصیلات کے پیش نظرا نھیں ایک مکان میں الگ تھلگ رکھاجائے لیکن ٹھیکیدارنے مجسٹریٹ کی ہدایت پربھی عمل نہیں کیابلکہ اُس نے مزودروں کوتعمیراتی کام پرلگادیا۔بیان کے مطابق لاک ڈائون کے دوران دفعہ144کے تحت چاریااسے زیادہ افرادکے ایک جگہ جمع ہونے یارہنے پرچونکہ پابندی عائدہے ،اسلئے خلاف ورزی کرنے والاشخص قانون کے منافی سرگرمی کامرتکب ہواہے اوراُس کیخلاف قانونی کارروائی لازمی قرارپاتی ہے ۔پولیس بیان کے مطابق تعمیراتی کام انجام دینے کیلئے مقامی ٹھیکیدارنے تیس سے زیادہ غیرمقامی مزدوروں اورمستریوں کوکام پرلگاکرمقامی آبادی کیلئے خطرات پیداکردئیے ،اسلئے مذکورہ ٹھیکیدارکوحراست میں لیاگیااوراُس کیخلاف پولیس تھانہ پانپورمیںایف آئی آرزیر نمبر 21/2020کے تحت دفعہ188،269،اور270 معاملہ درج کیاگیا۔