تازہ ترین

بارشوں اور برف باری سے ٹھنڈ میں اضافہ

آج سے موسم میں بہتر ی کاامکان:محکمہ موسمیات

28 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

اشفاق سعید +غلام نبی رینہ+فیاض بخاری
 سرینگر //ٹنل کے آر پار بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے آج دوپہر سے 31مارچ تک موسم میں بہتری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ٹنل کے آر پار جمعہ کی صبح سے میدانی علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں۔مجموعی طور پر وادی کے کم و بیش تمام اضلاع اور قصبہ جات جن میں سرینگر، بارہمولہ، کپوارہ، بانڈی پورہ، سوپور، ٹنگمرگ، پٹن، بڈگام، بیروہ، خانصاحب، گاندربل، کنگن، پلوامہ، پانپور، شوپیان، کولگام، اننت ناگ، مٹن، بجبہاڑہ قاضی گنڈ، ترال اور اونتی پورہ شامل ہیں، میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشیں ہوئیں اور موسم میں اس تبدیلی کے پیش نظر درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ادھر سیاحتی مقام گلمرگ ،  افروٹ ، کنگڈوری ، کھلن مرگ اور حاجی بل بارہمولہ ، سونہ مرگ ،  گگن گیر، کلن، زوجیلا، منی مرگ, مٹاین،دراس ،سادھنا ٹاپ اور بنگس وادی کے علاوہ کولگام ضلع کے ڈی کے مرگ ،ڈی ایچ پورہ ، نندی مرگ، اہر بل ، منزگام میں بھی دن کو ہلکی برف باری ہوئی ۔ جموں خطہ کے بانہال اور ریاسی کے بالائی علاقوں میں بھی ہلکی برف باری سے ٹھنڈ میں اضافہ ہوا  ۔ اس دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 31مارچ تک موسم خشک رہے گا ۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سنیچر یعنی آج دوپہر سے موسم میں تبدیلی آئے گئی ۔انہوں نے کہا کہ 31مارچ اور یکم اپریل کے بیچ تازہ بارشوں کا ایک اور مرحلہ ہو گا،پھر یکم سے 5اپریل تک موسم خشک رہے گا ۔