ریاستیں مزدوروں اور محنت کشوں کی مدد کریں :وزارت داخلہ

28 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

یو این آئی
نئی دہلی// مرکزی وزارت داخلہ نے ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے جان لیوا کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن کے دوران دوسری ریاستوں کے مزدوروں، محنت کشوں اور دیگر مہاجرین کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے کہا ہے ۔مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران دوسری ریاستوں کے ان لوگوں کو کھانے اور رہنے کی جگہ مہیا کرانے کے اقدامات کریں۔ خط کے ذریعے بھیجے گئے مشورے میں ریاستوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ دوسری ریاستوں کے طلباء اور کام کرنے والی خواتین کو ان کی موجودہ رہائش گاہوں میں ہی رہنے سے متعلق اقدام بھی اٹھائیں۔ انہوں نے ریاستوں سے یہ بھی یقینی بنانے کے لئے کہا ہے کہ ہوٹلوں، کرایہ کے مکانوں اور ہوسٹلوں میں رہنے والے لوگوں کو وہیں رکھتے ہوئے سبھی لازمی اشیا فراہم کی جانی چاہئے ۔ اس سے طالب علموں اور کام کرنے والی خواتین کو خصوصی مدد ملے گی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مکمل لاک ڈاؤن کو بھی مکمل طور پر نافذ کیا جانا چاہئے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے ۔ کورونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے کے لئے یہ اقدام بے حد ضروری ہیں۔
 

تازہ ترین