تازہ ترین

مکمل لاک ڈاؤن سے پوری وادی محصور

بیشتر مقامات پرنماز جمعہ کے اجتماعات منعقد نہ ہوسکے، مزید38کیس درج

28 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

بلال فرقانی

 بیرون ریاست تربیت پر گئے 300پولیس جوان قرنطینہ منتقل

 
سرینگر// وادی میں جمعہ کو لاک ڈائون کے نتیجے میں باجماعت نماز کی ادائیگی ممکن نہیں ہو سکی،جبکہ کرفیو جیسی صورتحال کے نتیجے میں کرناہ سے قاضی گنڈ تک آبادی گھروں میں محصور ہوکر رہ گئی۔ پولیس نے دفعہ144کے تحت عائد امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر38کیس درج کئے ۔صوبائی انتظامیہ کی اپیل پروادی کے اطراف و اکناف میں جمعہ کو بیشتر مساجد، خانقاہوں،درگاہوں اور امام باڈوں میں اجتماعی طور پر نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی۔انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اجتماعی طور زیادہ تعداد میں جمع ہونے کی کوشش نہ کرے۔اگر چہ اذانیں وقت پر ہوئیں تاہم بیشتر بڑی مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات منعقد نہیں ہوسکے۔اکثر مساجد میں بہت کم تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔زیادہ تر لوگوں نے گھروں میں ہی نماز ادا کی۔درگا ہ شریف حضر ت بل اورجامع مسجد سر ینگر سمیت خانقاہوں ، امام باڑوں اور دیگر  مرکزی جامع مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات منعقد نہیں ہو ئے۔پوری وادی میں جمعہ کو لاک ڈائون میں مزید سختی لائی گئی اور سبھی راستے بند کردئے گئے تھے۔
نہ صرف شہر سرینگر میں یہ صورتحال تھی بلکہ دیگر اضلاع، تحاصیل اور قصبوں اور دیہات میں بھی یہی سورتحال دیکھی گئی۔ادھر جمعہ کے روزپولیس نے دوپہرتک جو38ایف آئی آردرج کئے ،اُن میں وسطی کشمیرمیں 4،شمالی کشمیرمیں6اورجنوبی کشمیرمیں2 شامل ہیں جبکہ جموں ،سانبہ وکٹھوعہ رینج میں 22،اودھم پورمیںایک اورراجوری پونچھ رینج میں 3ایف آئی آردرج کئے گئے  ۔نامہ نگار عازم جان کے مطابق حاجن پولیس نے لاک ڈائون کی خلاف ورزی کر نے کی پاداش میں 6 افراد کو گرفتار کر کے حاجن پو لیس تھانہ میں10/20202تحت سکشن188آ ئی پی سے در ج کیا گیا۔نامہ نگار غلام نبی رینہ کے مطابق چھتر گل کنگن کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے خلاف پولیس نے ایک کیس زیر نمبر17/2020درج کیا۔نامہ نگار عارف بلوچ کے مطابق حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر قاضی گنڈ میں پولیس نے مقامی امام کے خلاف کیس درج کیا ۔ قاضی گنڈ میں قائم عمر مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی ہونے پر پولیس نے مسجد کے امام محمد کو گرفتار کرکے اُن کے خلاف کیس زیر نمبر63/20 US 188,269 IPCکے تحت درج کیا ۔  ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے لاک ڈائون کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 329ایف آئی آر درج کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مدت میں600گاڑیاں ضبط اور دکانیں بھی سربمہر کی گئیں۔
دلباغ سنگھ نے کہا کہ جمعہ کو شوپیاں،سرینگر اورہندوارہ میں چار چار اور پلوامہ،بارہمولہ میں تین تین کے علاوہ اونتی پورہ اور بانڈی پورہ میں دو،دو اورگاندربل،کپوارہ،کولگام ا ور سوپور میںایک ایک کیس درج کیا گیا جبکہ جموں میں 4 کیس درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ریاست تربیت حاصل کرنے والے300پولیس اہلکار کو واپس لاکر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ جموں کشمیر پولیس کے سربراہ نے مزید کہا کہ کرئونا وائرس کے حوالے سے مشتبہ افراد جو چھپے تھے یا جنہیںچھپایا گیا تھا یا جنہوں نے سفری تفاصل پوشیدہ رکھی تھیں،کے بارے میںنامعلوم افراد کی طرف سے400فون کالیں موصول ہوئیں،اور انکی،نشاندہی 1200افراد کی نشاندہی کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وائرس کا معاملہ جموں کشمیر کی بات نہیں بلکہ یہ پوری دنیا میں پھیلا  ہواہے، لہٰذا جو بھی شہری جموں کشمیر کی حدود سے باہر نکلا ہو، انکے بارے میں اطلاع دیکر یا نشاندہی کرنے سے انسانیت اور سماج کو بچا یا جاسکتا ہے۔