۔2000مال بردار گاڑیاں سرینگر وارد 400نجی گاڑیوں کو بھی شاہراہ پر چلنے کی اجازت دی گئی

26 مارچ 2020 (00 : 12 AM)   
(      )

محمد تسکین
بانہال// سرینگرجموں شاہراہ پرپر کسی بھی مسافر گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہے تاہم  بدھ کوجموں میں لاک ڈائون کی وجہ سے درماندہ چار سونجی گاڑیوں کے علاوہ مال بردار گاڑیوں کو بھی سرینگر جانے دیا گیا۔منگل کی شام کو سرینگرجموں شاہراہ جوٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندتھی، پرٹریفک بحال کیاگیا اور شاہراہ پردرماندہ گاڑیوں کواپنے منزل کی طرف جانے دیا گیا۔اس دوران بدھ کو جموں سے اشیائے ضروریہ سے لدے ٹرک اور پٹرول اور ایل پی جی گاڑیوں کو وادی جانے کی اجازت دی گئی ۔اس کے علاوہ فورسز کانوائے اور ادھمپور اور جموں میں درماندہ چار سوسے زائدنجی گاڑیوں اورٹیکسیوں کو بھی سرینگر جانے دیاگیا۔ ایس پی ٹریفک شمشیرسنگھ نے اس سلسلے میں کشمیرعظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کے روزجموں سے وادی کشمیر کیلئے اشیائے ضروریہ سے لدے ٹرکوں کوجانے کی اجازت دی گئی اوراس طرح منگل کی رات سے2ہزارکے قریب مال بردار گاڑیاں کشمیر پہنچی ۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے جموں میں درماندہ چارسونجی گاڑیوں اورٹیکسیوں کوبھی شاہراہ پر چلنے کی اجازت دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وباء کی وجہ سے شاہراہ پر لوگوں کی نقل وحرکت محدود کرنے کیلئے مسافر گاڑیوں کے چلنے پر پابندی سختی سے جاری ہے اور ایمرجنسی نوعیت کی گاڑیوں کے سوا کسی بھی مسافر گاڑی کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں ہی بیٹھیں۔  ادھر بدھ کی شام کو درماندہ گاڑیوں کو کشمیر سے جموں جانے کی اجازت دی گئی۔ اس دوران آج یعنی جمعرات کو ٹریفک کے حوالے سے ٹریفک حکام نے اعلان کیا ہے کہ آج شاہراہ پر صرف اشیایہ ضروریہ سے بھری گاڑیوں کو ہی شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم اس اعلان میں یہ بات واضح نہیں کی گئی ہے کہ آج کس سمت میں ٹریفک چلے گا۔ 
 

تازہ ترین