جموں و کشمیرمیں سرکاری دفاتر 14اپریل تک بند

صرف لازمی سروسز کام کرتی رہیں گی

26 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

نیوز ڈیسک
جموں// جموں کشمیر سرکار نے قومی آفات سماوی اتھارٹی اور وزارت داخلہ کی سماجی دوری اختیار کرنے کی گائیڈ لائنوں کے پیش نظر حکم دیا ہے کہ  14اپریل تک تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔عمومی انتظامی مھکمہ کی جانب سے جاری کئے گئے احکامات میں کہا گیا ہے کہ  پولیس،ہوم گارڈس، سیول ڈیفنس،فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز، آفات سماوی اور جیل خانہ جات کے محکمے کام کرتے رہیں گے۔ اسکے علاوہ لازمی سروسز جیسے  محکمہ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ادارے، ضلع انتظامہ اور ٹریجریز،محکمہ بجلی، پانی، میونسپلٹی اور رور ٹرانسپورٹ کارپوریشن بھی کام کرتے رہیں گے۔ نیزبلدیاتی اداروں میں صحت و صفائی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے درکار ملازمین ہی کام کرتے رہیں گے۔سبھی ایڈمنسٹریٹو سیکریٹریز،صوبائی کمشنروں،ضلع ترقیاتی کمشنروں،محکموں کے سربراہان، منیجنگ ڈائریکٹروں وغیرہ کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ وہ ماتحت محکموں کے ملازمین کا روسٹر تیار کر کے صرف ان ملازمین کی حاضری یقینی بنائے جو لازمی سروسز کیلئے درکار ہونگے۔سبھی محکموں کے دیگر ملازمین جو لازمی سروسز کیساتھ منسلک نہیں ہونگے، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ فون یا دیگر مواصلاتی رابطوں پر دستیاب رہیں گے، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال پر انکی خدمات کو بروئے کار لایا جاسکے۔اس ضمن میں حکومتی ترجمان روہت کنسل نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ ’’کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر کے تحت جموں و کشمیر کے تمام سرکاری دفاتر کو اپریل مہینے کی 14 تاریخ تک بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے‘‘۔اْن کا مزید کہنا تھا کہ ’’اس دوران صرف ضروری خدمات فراہم کرنے والے محکمے ہی کھلے رکھے جائیں گے‘‘۔

تازہ ترین