رونالڈنہو سے جیل میں ملاقاتیوں کے ملنے پر پابندی

تاریخ    25 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   


ریو ڈی جنیرو// برازیل کے عظیم فٹ بال کھلاڑی رونالڈنہو کو پیراگوئے کی جیل میں ملاقاتیوں سے ملنے سے روک دیا گیا ہے ،جہاں انہیں مقامی حکام نے کورونا وائرس پھیلنے سے نمٹنے کی کوشش کے طور پر رکھا ہے ۔ رونالڈنہو اور ان کے بھائی رابرٹو اسیس کو جنوبی امریکہ کے ملک میں داخل ہونے کے لئے جعلی پاسپورٹ استعمال کرنے کے الزام میں 6 مارچ سے اس جیل میں رکھا گیا ہے ۔گلوبو ایسپورٹ نیوز پورٹل کی اطلاع کے مطابق پیراگوئے کے حکام نے حکم دیا ہے کہ راجدھانی اسونسیئن کے مضافات میں واقع اس جیل میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ضابطوں پر سختی کے ساتھ عمل کیا جائے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وکلاء کے علاوہ تمام ملاقاتیوں کو روکنے کے ساتھ ساتھ جیل کے تمام عملے کو حفاظتی دستانے اور ماسک پہننے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ تمام قیدیوں کو روزانہ صحت سے متعلق جانچ کرائی جائیں گی ۔واضح رہے کہ بچوں کے ایک خیراتی پروگرام میں حصہ لینے اور ایک نئی کتاب کی تشہیر کے لئے رونالڈنہو اور اسیس نے 4 مارچ کو پیراگوئے کا سفر کیا تھا۔ ان دونوں بھائیوں کو اس کے آگلے دن اس وقت گرفتار کیا گیا جب پولیس کو پتہ چلا کہ وہ جعلی پاسپورٹ لے کر ملک میں داخل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کسی بھی غلط کام کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ انہیں اسونسیئن کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر بطور تحفہ جعلی سفری دستاویزات پیش کیے گئے تھے ۔ایک جج نے بھائیوں کی گھر میں نظربند کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی اور فرار ہونے کے خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں پولیس تفتیش کے تحت جیل میں رہنے کا حکم دیا تھا۔رونالڈنہو اپنے کامیاب کیریئر کے بعد 2018 میں فٹ بال سے ریٹائر ہوگئے تھے جس میں 2002 میں ورلڈ کپ کی فتح اور دو فیفا ورلڈ پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ شامل تھے ۔یو این آئی 

تازہ ترین