ٹنل کے آر پار بادل برسے

بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشیں

25 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

اشفاق سعید
 سرینگر //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق منگل کے روز ٹنل کے آر پا بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوئیں۔اطلاعات کے مطابق سب سے زیادہ بارش جموں خطہ کے بانہال علاقے میں ہوئی ہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے 28مارچ تک موسم جوں کا توں رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔بارشوں اور برف باری کے نتیجے میں ایک بار پھر ٹھنڈ میں اضافہ ہوا ہے اور وادی میں دن بھر ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں۔کپوارہ کے بالائی علاقوں سمیت سونہ مرگ، گلمرگ اور دیگر بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ بانڈی پورہ ، بارہمولہ ، کپوارہ ، گاندربل ، سرینگر ، بڈگام ، پلوامہ ، شوپیان ، کولگام ، اننت ناگ کے میدانی علاقوں میں بھی بارشیں ہوئی ہیں جو وقفہ وقفہ سے شام دیر گئے تک جاری رہیں ۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں منگل کی شام تک 7.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ قاضی گنڈ میں 7.2ملی میٹر ،سیاحتی مقام پہلگام میں 5.5کپوارہ میں 10.8کوکرناگ میں 4.3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جموں ضلع میں 6.8، بانہال میں 18.8بٹوت میں 12.8کٹرہ میں 12.2اور بدھروہ میں 3.0ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ پیر پنچال کے آر پار 28مارچ تک موسم جوں کا توں رہے گا جس دوران دن کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں بھی کمی دیکھنے کو ملے گی ۔ادھر ضلع کپوارہ سے اشرف چراغ نے اطلاع بھیجی ہے کہ  ضلع میں بارشوں اور ہلکی برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں سردی میں شدید اضافہ ہو گیا۔ بارشوں کی وجہ سے چوکی بل کرناہ سڑک بھاری پسیاں گر آنے سے گاڑیوں کی آمد ورفت کے بند کر دی گئی۔
 

تازہ ترین