مزید خبرں

24 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگرجموں شاہراہ پرحادثہ

ایک ہی کنبے کے4افرادزخمی

بانہال //محمد تسکین//سرینگر جموں شاہراہ پر سڑک کے ایک حادثے میں ایک ہی کنبے کے چارافراد زخمی ہوئے جن میں دوخواتین بھی شامل ہیں۔سوموارصبح کو جموں سے کشمیرآرہی ایک آلٹو کارشابن باس کے نزدیک سڑک سے لڑھک کرکھائی میں جاگری اور اس میں سوار ایک ہی کنبے کے چار افرادزخمی ہوگئے۔حادثے کی خبر ملتے ہی بانہال پولیس اور مقامی رضاکارجائے حادثہ پر پہنچے اورزخمیوں کو بانہال اسپتال پہنچایا۔پولیس نے زخمیوں کی شناخت شوپیان کے محمد علی،اُن کی اہلیہ زبیدہ بیگم ،دخترنرگس جان اور فرزندسہیل احمد کے طور کی۔بتایاجاتا ہے کہ ماں اور بیٹی کو معمولی زخم آئے ہیں جبکہ باپ اور بیٹاشدیدزخمی ہوئے ہیں اور اُنہیں متعدد فریکچر آئے ہیں۔اُنہیں مزید علاج کیلئے ضلع اسپتال اننت ناگ منتقل کیاگیاہے۔ادھر رام بن کے راج گڑھ رابطہ سڑک پر ایک کار کوحادثہ پیش آیاتاہم اس کاڈرائیور معجزاتی طور بچ نکلا۔یہ کارسڑک سے کم سے کم 300فٹ نیچے لڑھک کر مکمل تباہ ہوئی تاہم اس کاوحدسوارڈرائیور بچ نکلا۔ 
 

 اندرکوٹ سمبل کابجلی ٹرانسفارمر خراب

سرینگر//اندرکوٹ سمبل کے وارڈ11 میں کئی زور سے بجلی ٹرانسفارمر خراب ہے اور مقامی لوگ گونا گوں مشکلات سے دوچار ہوئے ہیں جبکہ محکمہ بجلی ابھی تک مذ کورہ ٹرانسفارمر ٹھیک کرنے میں ناکام ہواہے۔ کروناوائرس کے پیش نظر اگر چہ پوری وادی کے عوام اپنے گھروں میں محصور ہیں تاہم بجلی کی عدم دستیابی کی بناء پراندرکوٹ سمبل کے عوام باہر آنے کیلئے مجبور ہیں ۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی سے پینے کے پانی کی شدید قلت سے لوگ پریشان ہیں۔ لوگوں کا کہنا کہ بجلی کی عدم دستیا بی سے وہ سخت مشکلات دوچار ہیں ۔ لوگوں نے بجلی ٹرانسفارمر کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔
 

سمبل میں منشیات فروشوں کا گروہ پکڑنے کا دعویٰ

غیر قانونی دھند ے میں ملوث کسی کو بھی نہیں بخشاجا ئے گا :ایس ایس پی

سرینگر//سمبل پولیس نے منشیات کے ایک منظم نیٹ ورک کا پر دہ فاش کرتے ہوئے3 افراد کو گرفتار کر کے ان کی تحویل سے بھار ی مقدار میں نشہ آور ادویا ت ضبط کیں۔ ایس ایس پی بانڈ ی پورہ راہل ملک نے پر یس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس نے ایک مصد قہ اطلاع ملنے پرمنشیات کے دھند ے میں ملوث3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے ان کی تحویل سے 101 بوتلیں کو ڈین فا سفیٹ اور دیگر نشہ آور چیز یں برآ مد کیں۔انہوں نے بتا یا کہ گرفتار شدہ گان میں تنویر احمد راتھر ولد منور راتھر ساکن پھٹہ پورہ، ہلال احمد وانی ولد محمد سلطان وانی ساکن وانگی پورہ مشتاق احمد بٹ ولد محمد سلطان ساکن بازی پورہ اجس شامل ہیں۔ ان کے خلاف ایک کیس زیر نمبر47/2220 تحت سکشن8/20, 21 این ڈی پی ایس ایکٹ  پولیس تھانہ سمبل میں درج کیا گیا۔ادھر پولیس اسٹیشن سمبل کے باہر گرفتار شدگان کے اہل خانہ نے ایک احتجاج کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مذکورہ نوجوانوں بے گناہ ہیں اور ان کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر پھنسایا جارہا ہے۔ ونگی پورہ سمبل کے گرفتار شدہ شخص ہلال احمد وانی کی اہلیہ نے احتجاج کے دوران بتایا کہ ان کے شوہر کو پولیس نے مبینہ طور پر گھر سے اٹھایا اور اس وقت ان کی تحویل سے کچھ برآمد نہیں کیا گیا لیکن آج ان کے خلاف کیس دائر کرکے منشیات دکھائے جارہے ہیں۔ ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک نے بتا یا کہ اس گینگ کا سر غنہ ہلال احمد وانی ہے جس کو پولیس کافی دیر سے تلاش کررہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ ہلال وانی کو پی ایس ایس کے تحت جیل بھیج دیا جائے۔ ایس ایس پی بانڈ ی پور ہ راہل ملک نے یقین دلایاکہ اس غیر قانونی دھند ے میں ملوث کسی کو بھی بخشا نہیں جا ئے گا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سمبل سوناواری میں نشہ آور ادویات اور منشیات کا دھندہ کرنے والے افراد ا کے بار ے میں پولیس کو اطلاع دیکر ان نوجوانوں کے مستقبل کو مخدوش ہونے سے بچائیں۔(کے این ٹی)
 

برا گام ڈورومیں بجلی اور پانی کی عدم دستیابی

مقامی آبادی کی حکام سے مداخلت کی اپیل

سرینگر//ڈورو شاہ اآباد کا ایتو پورہ براگام علاقہ گزشتہ 10روز سے پینے کا پانی جبکہ بنہ براگام گزشتہ دو ہفتوں سے بجلی سے محروم ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوںنے بتایا مذکورہ علاقے کے ایک اور حصے بنہ براگام کا بجلی ٹرانسفارمر دس روز قبل جل گیا ہے اور تب سے بستی گھپ اندھیرے میں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمر بار بار جل جاتا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایتو پورہ براگام میں پینے کے پانی کی قلت ہے جس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔
 

ہندوراہ کے ممتاز ماہر تعلیم غلام محمد بٹ فوت

پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کا اظہار رنج

سرینگر//ہندوراہ کے ممتاز ماہر تعلیم ،کئی تعلیمی اداروں کے بانی اور علمی و دینی شخصیت حاجی غلام محمد بٹ کل حلت کر گئے۔انہوں نے ایک طویل وقت سرکاری اورپرائئویٹ تعلیمی اداروں میں اپنی خدمات انجام دیںاوروہ نصف درجن کے قریب دینی اور عصری تعلیمی اداروںکے بانی رہ چکے ہیں۔ جن میں ہندوارہ تحصیل کے نامی گرامی دارالعلوم اور عصری دانشگاہیں شامل ہیں۔ ان کے شاگردوں کی تعداد سینکڑوں بلکہ ہزاروں ہے۔ اپنے ایام ملازمت کے دوران انہوں نے جہاں جہاں فرائض انجام دئے وہاں اپنی شخصیت کے گہرے نقوش چھوڑے۔ موصوف شریف النفس، ملنسار، با حیا و باوقار اور مدبرانہ شخصیت کے حامل تھے اور ہمیشہ دین کی خدمت اور سرفرازی کے لئے اپنے آپ کو وقف کئے ہوئے تھے ۔ پرائیویٹ سکول ایسوسیشن نے حاجی غلام محمد بٹ کی اعلی دینی اور علمی  خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ایسوسیشن کے چیرمین غلام نبی وار نے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی بلندی درجات کے لئے دعا کی۔

تازہ ترین