کورونا وائرس کووِڈ ۔19 کے پھیلائو کی روکتھام

24 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

 وادی کے مختلف اضلاع میں انتظامیہ مزید متحرک

سری نگر//کورونا وائرس کووڈ۔19 کے پھیلائو کی روکتھام کے لئے وادی کے مختلف اضلاع کی انتظامیہ مزید متحرک ہوگئی ہے او راس  مقصد کے لئے مؤثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا نے وائرس سے متاثرہ بیرونی ممالک سے آنے والے شہریوں کے لئے ضلع میں قائم کئے گئے سینٹروں کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے عملے کو ہدایت دی کہ وہ ڈبلیو ایچ او  اور مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود محکمہ کی طرف سے وضع کردہ وایس او رپی پر سختی سے عمل درآمد کریں تاکہ کورنٹین مراکز میں وائرس سے متاثرہ اَفراد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ ترقیاتی کمشنرنے کہا کہ ضلع میں 19کورنٹین مراکز قائم کئے گئے ہیں جن کے لئے اے سی آر بانڈی پورہ کو نوڈل آفیسر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔اُدھر ترقیاتی کمشنر نے قصبہ بانڈی پورہ میں میونسپل کمیٹی کی طرف سے شروع کی گئی صفائی مہم کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے لئے فیو میگیشن کے لئے بھی مہم میں سرعت لانے کی ضرور ت پر زور دیا۔ضلع مجسٹریٹ بانڈی پورہ شہباز احمد مرزا نے ضلع میں کووڈ۔19 کے پھیلائو کو روکنے کے لئے احتیاطی طور نافذکی گئی پابندیوں پر سختی سے عمل آوری کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے آج ضلع کے مختلف مقامات کا دورہ کر کے پابندی کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔ اس دوران اُنہوں نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ ضلع مجسٹریٹ نے پولیس پر پابند یوں کی من و عن عمل آوری کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں لازمی اشیاء کی دستیابی کے لئے مؤثر انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو دِقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس سے قبل ضلع مجسٹریٹ نے ضلع میں تمام کاروباری ادارو ں کو بند کرنے اور عوامی ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت کو معطل رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ادھر ضلع انتظامہ کولگام نے اُن افراد جنہوں نے اپنی سفری تفصیلات پوشیدہ رکھی تھیں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں ایڈ منسٹریٹیو کورنٹین بھیج دیا ہے۔ یہ تمام افراد غیر ممالک سے آئے ہیںاور اُنہوں نے گھر پہنچنے کے لئے مختلف روٹوں کا استعمال کیا تھا اور اپنی سفری تفصیلات کو پوشیدہ رکھا۔ البتہ انتظامیہ نے ان تمام افراد کی پہچان کے لئے تمام وسائل برائے کار لانے او رانہیں نگرانی کے لئے کورنٹین سینٹروں میں رکھنے کے لئے اقدامات کئے۔ ضلع انتظامیہ نے بیرونی ممالک سے آنے والے لوگوں سے دوبارہ اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سفر ی تفصیلات کے بارے میں انتظامیہ کو جانکاری دیں۔گاندربل میں وائرس کی روکتھام کے لئے ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال کی ہدایات کے تحت میونسپل کمیٹی نے تمام  عوامی مقامات او رقصبے میں صفائی ستھرائی کی مہم میں سرعت لائی ہے۔انہوں نے کئی مقامات پر ذاتی طور پر صفائی مہم کی نگرانی بھی کی۔ترقیاتی کمشنر نے صحت سے متعلق سرکاری ایڈوائزری پر عمل درآمد کرنے کے لئے عوام کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ پبلک لاک ڈاون اور سماجی دوری سے جان لیوا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے ۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہا رکیا کہ ضلع میں اب تک وائرس کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے اور جو آٹھ افراد بیرونی ممالک سے وارد کشمیر ہوئے ہیں انہیں کورنٹین مراکز میں رکھا گیا ہے۔جبکہ ضلع میں پہلے ہی احتیاطی طور دفعہ 144کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔دریں اثنا کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے کئے جارہے اقدامات کے تحت ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ بشیر احمد ڈار نے آج کورنٹین سینٹر پہلگام کا دورہ کیا جہاں اُن 50طلباء کو رکھا گیا ہیں جو حال ہی میں بنگلہ دیش سے لوٹے ہیں ۔ ترقیاتی کمشنر کو بتایا گیا کہ کورنٹین مرکز میں طلباء کے لئے بہتر سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ کولگام ، شوپیان او رپلوامہ کے ایسے 40طلباء کو بھی پہلگام کے کورنٹین سینٹر بھیج دیا گیا ہے جوکہ حال ہی میں غیر ممالک سے وادی لوٹ آئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ چوں کہ قومی شاہراہ کو بند کردیا گیا ہے او رہوائی سروس بھی معطل کی گئی ہے اس لئے بیرونی ممالک سے کو ئی بھی شہری وادی وارد نہیں ہوسکتا ۔
 
 

سرینگر میں 31 مارچ تک سختی سے پابندیاں عائد رہیں گی: ضلع مجسٹریٹ 

سرینگر//عوام شہروں کی طرف سے سرکاری پابندیوں کی خلاف ورزیوں او رعدم تعاون کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد ضلع مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے پورے ضلع میں عائد کی گئی پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی ۔سخت پابندیاں کرنے کی ہدایات سیکورٹی ایجنسیوں اور ایگزیکٹیو مجسٹریٹوں کی اطلاعات کے علاوہ صحت سے جڑے لوگوں او رسرکردہ شہریوں کی صلاح کے پیش نظر عائد کی گئی ہیں۔ہدایات نامہ میں کہا گیا ہے کہ مزید طریقۂ کار کو بروئے کار لانے تک لازمی خدمات کے بغیر تمام سروسز پر پابندیاں عائد رہیں گی البتہ وائرس کی روکتھام سے جڑے افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہے۔حکمنامہ کے مطابق ضلع میں عام کاروباری ادارے بند رہیں گے جبکہ 31 مارچ شام 6بجے تک عام شہریوں کے علاوہ گاڑیوں کی نقل و حمل بھی معطل رہے گی۔متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ان پابندیوں کی سختی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں ۔ ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں احتیاطی طور پہلے ہی دفعہ 144کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔
 
فی الحال گھروں میں ہی نمازوں کا اہتمام کریں:انجمن علمائے احناف
سرینگر//انجمن علمائے احناف نے کورونا وائرس کے سنگین خطرات کے پیش نظر سعودی عرب سمیت عالم اسلام کے مقتدر علماء، فقہا اور طبی ماہرین کی آراء کی روشنی میں اہلیان کشمیر سے اپیل کی ہے کہ وہ دین اسلام کی فطری تعلیمات کے مطابق موجودہ سنگین حالات میں مساجد میں جماعت کی نمازوں کو موقوف کریں اور صورتحال میں بہتری آنے تک اپنے ہی گھروں میں نمازوں کا اہتمام کریں۔موصولہ بیان کے مطابق انجمن کے سربراہ مولانا پیرزادہ اخضر حسین نے کشمیرکے تمام علماء ، مفتی حضرات اور ائمہ سے دردمندانہ گزارش کی کہ وہ حالات کا  ادراک کریںاور اپنی انا کو ترک کرکے ملت کے مجموعی مفاد میں غیر ضروری رائے زنی اور فتویٰ بازی سے گریز کریں کیونکہ دنیا بھر کے انتہائی مقتدر علماء ، فقہی مراکز اور سرکردہ اسلامی دانشگاہوں کی جانب سے یہ بات واضح کی گئی ہے کہ موجودہ حالات میں مساجد میں صرف اذان ہو اور ایک دو افراد نماز ادا کرلیں باقی لوگ فی الحال گھروں میں ہی نمازوں کا اہتمام کرکے اللہ تعالیٰ کے حضور توبہ و استغفار کا سلسلہ جاری رکھیںتاکہ پوری انسانیت کو اس کٹھن آزمائش سے نجات ملے۔
 

اننت ناگ میں 20دکانیں سربمہر

عارف بلوچ
 
اننت ناگ //اننت ناگ میںکروناوائرس کو روکنے کیلئے نافذ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر20دکانوں کو میونسپل کونسل نے سربمہر کر دیا ۔چیئرمین میونسپل کونسل اننت ناگ ہلال احمد شاہ کی قیادت میں ایک ٹیم نے قصبہ میںنافذ دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے اور دکانوں کو کھلا رکھنے کی پاداش میں20دکانوں کو سر بمہر کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری حکم نامہ کی خلاف ورزی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے اس وبا سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ۔
 

بانڈی پورہ میں قرنطینہ مراکز کا معائنہ

عازم جان 
 
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ ضلع میں لاک ڈائون جاری ہے ۔ضلع کے حاجن ،اجس ،سمبل اوردیگر علاقوں میں ضلع انتظامیہ نے لوگوں کی نقل وحمل روکنے کے لیے بندشیں لگا دی ہیں ۔اس دوران ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر شہباز احمد مرزا نے قرنطینہ مراکزکا معائنہ کرتے ہوئے تعینات عملے کے ساتھ تبادلہ خیال کیااور سہولویات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کئی علاقوں میںلاک ڈائون کا معائنہ کرنے کے دوران انتظامیہ کو سخت ہدایت دی کہ لوگوں کی غیر ضروری نقل و حمل کوروکا جائے۔انہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ گھروں میں ہی قیام کرنے کو ترجیح دیں ۔
 

 کپوارہ میں آئسولیشن وارڈوں کا معائنہ

کپوارہ//اشرف چراغ //کورنا وائرس کے خطرات کے پیش نظر کپوارہ میں ضلع انتظامیہ نے تمام اہم محکموں کو متحرک کیا جبکہ متعدد مقامات پر آ ئسولیشن وارڈ قائم کئے گئے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر کپوارہ انشل گرگ نے پیر کو ڈگری کالج کپوارہ میں قائم آئسو لیشن وارڈر کا تفصیلی دورہ کیا ۔ بعد میں انہو ں نے ژیر کو ٹ لولاب کا دورہ کر کے وہا ں پر کو رونا وائرس کے بچائو کے کام کاج کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کپوارہ نے کہا کہ کپوارہ میں ڈگری کالج کو فسٹ ایڈ کورنا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کرنے کا فیصلہ کیاگیااور اگر کسی کورنا وائرس کی شکایت کی تو اسے پہلے آئسولیشن وارڈ میں رکھا جائے گا ۔انہو ں نے کہا کہ ضلع میں قر نطینہ سنٹر بھی دستیاب رکھے گئے ۔انہو ں نے لوگو ں سے افواہوں پر کان نہ دھرنے اور اس وباء کی روک تھام کے لئے ضلع انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دینے کی اپیل کی ۔
 

 پبلشنگ ہاوس کا قابل تحسین قدم 

قرنطینہ مراکز کو ایک ہزارکتابوں کا عطیہ 

سرینگر// سرینگر میں ایک معروف بک شاپ اینڈ پبلشنگ ہاوس گلشن بکس نے متعدد قرنطینہ مراکز کو ایک ہزار کتابیں عطیہ کی ہیں جو کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے کشمیر میں قائم ہیں۔ پبلشنگ ہاوس کے مالک شیخ اعاز احمد نے کہا کہ کتابیں تنہائی کے مراکز میں مقیم لوگوں کو اپنے وقت کا صحیح استعمال کرنے میں مدد کریں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ان تمام لوگوں کو ایک ہزار کتابیں عطیہ کرنے پر بے پناہ خوشی ہے جنھیں وادی میں مختلف مراکز میں رکھا گیا ہے۔یہ پبلشنگ ہاوس نہرو پارک میں80ہزارسے زیادہ کتابوں پر مشتمل ایک بک شاپ کم کیفے چلاتا ہے اوراس پبلشنگ ہاوس کوسال2018 میں لمکا بک آف ریکارڈز میں شامل کیا گیا تھا۔
 

انجمن شرعی شعیان کی امدادی ٹیمیں تشکیل 

سرینگر//کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی نے پوری وادی کشمیر میںامدادی کارروائیوں کیلئے مختلف ٹیمیںتشکیل دی ہیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت سرکاری اداروں کے شانہ بہ شانہ اپنی خدمات انجام دیں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹیمیں وادی بھر میں تشکیل دی جاچکی ہیں جنہیں دوردراز دیہا ت اور مختلف اسپتالوں کے باہر کام پر لگا دیا گیا ہے جنہیں کسی بھی ایمر جنسی کے وقت عوامی خد مت کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
 

کپوارہ کے درجنوں طلبہ

چندی گڑھ ،دلی اور دیگر شہروںمیں درماندہ، والدین پریشان

اشرف چراغ 
 
کپوارہ// کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات پیش نظر ملک بھر میں لاک ڈائوں کے بیچ سر حدی ضلع کپوارہ سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں طلبہ چندی گڑھ ،دلی اور دیگر مقامات پر درماندہ ہو کر رہ گئے ۔کپوارہ کے متعدد علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ان کے بچے بیرون ریاست میں زیر تعلیم ہیں اور لاک ڈائون کی وجہ سے ان کے بچے وہا ں درماندہ ہو کر رہ گئے ہیں ۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ان کے بچو ں کو رہنے کے لئے زبردست مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کھانے پینے کی چیزیں بھی میسر نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ سخت پریشان ہیں ۔انہو ں نے گور نر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان کے بچو ں کو گھر لانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ا س دوران کئی ریاستوں میںکپوارہ ضلع سے تعلق رکھنے والے شال پھیری کرنے والے افراد بھی سخت پریشان ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 1ہفتہ کے دوران اپنی عارضی رہا ئش گاہو ں پر قیام پذیر ہیں اور لاک ڈائون کی وجہ سے ان کے پا س کھانے پینے کی چیزیں ختم ہوچکی ہیں ۔انہو ں نے سر کار سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے گھرواپس لانے کے لئے انتظامات کئے جائیں۔
 

تازہ ترین