سوپور میں سڑکیں سنسان اور بازار بند

ٹریفک کی نقل و حرکت بھی معطل

24 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

غلام محمد
سوپور//کورونا وائرس کے خلاف جہاں ضلع انتظامیہ متحرک ہے وہیں عوام بھی تعاون دے رہا ہے۔سوپور اور اس کے مضافاتی علاقوں میںپیر کو مکمل لاک ڈاؤن رہا۔قصبے میں تمام دکانیں، پیٹرول پمپ اور دیگر کاروباری ادارے بند رہے اور لوگ انتہائی کم تعداد میں سڑکوں پر دیکھے گئے۔بیشتر سڑکیںاور گلیاں سنسان نظر آئیں ۔ نہ صرف سوپور قصبہ بلکہ ضلع کے دیگر علاقوں رفیع آباد، زینہ گیر، سنگرامہ، کریری اور دیگر علاقوں میں بھی تمام دکانیں بند رہیں۔ اگر چہ نجی گاڑیاں بہت کم تعدادمیںسڑکوں پر نظر آئیں تاہم مسافر گاڑیوں کی نقل و حرکت بالکل مسدود رہی۔ ضلع انتظامیہ و پولیس نے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا انتباہ دیا کہ اگر کسی بھی شخص کو خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس کیلئے پورے قصبے میں پولیس گشت کررہی ہے۔دوسری جانب قصبہ سوپور میں میو نسپل کونسل کی جانب سے صفائی ستھرائی کی مہم بھی جاری ہے۔ گزشتہ کئی روز سے جاری اس مہم کے دوران میونسپل کونسل کے اہلکاروں نے قصبے کے بازاروں، سڑکوں، دوکانوں اور سرکاری دفاتر کے علاوہ سوپور اسپتال میںجراثیم کش ادویات کا چھڑکائو کیا۔اس سلسلے میں ایگزیکٹیوآفیسر غلام رسول شاہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ماحول کو صاف وشفاف رکھیں اور اپنے گھروں میں بھی صفائی کا خاص اہتمام کریں۔
 
 

کپوارہ میں ہُو کا عالم

اشرف چراغ 
 
کپوارہ// ضلع کپوارہ میں پولیس نے لوگو ں کی نقل و حمل پر سخت بندشیں عائد کی ہیں تاکہ کو رنا وائر س کے پھیلا ئو کو روکاجاسکے ۔لا ک ڈائون کی وجہ سے ضلع کے ہندوارہ ،کولنگام ،لال پورہ ،سوگام ،کرالہ پورہ ،ترہگام ،ویلگام ،تارت پورہ ،چوکی بل اور دیگر علاقوں میں ہو کا عالم تھا اور پولیس نے سر کاری احکامات پر عمل کرنے کے لئے ناکے لگائے اور لوگو ں کی نقل و حمل پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے ۔ضلع انتظامیہ نے  لاک ڈائون کو سنجیدگی سے نہ لینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لوگو ں سے اپیل کی کہ وہ اپنی نقل و حرکت کو محدود کریں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو پر روک لگائی جا سکے ۔کپوارہ اور ہندوارہ پولیس نے لاک ڈائون پر عمل نہ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں کپوارہ ،کرالہ پورہ ،ترہگام اور ہندوارہ قصبو ں سے زبر دستی نکال دیا اورمتعدد افراد کودھر لیا ۔پولیس نے احتیاطی اقدامات پر من و عن عمل کرنے کی عوام سے اپیل کی۔
 

 

تازہ ترین