ٹول پوسٹ پر مزید دومراکز قائم کئے جائیں گے:بصیر خان

مکمل سکریننگ کے بعد ہی مسافروں کو آگے بڑھنے کی اجازت دینے کی ہدایت

24 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان جو کشمیر صوبے میں کرونا وائرس کے کنٹرول کے لئے اِنچارج بھی ہیں ، نے کووِڈ 19 سکریننگ مراکز کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔مشیر موصوف نے زِگ ، جواہر ٹنل ، ٹول پوسٹ لور منڈا او رایمرجنسی ہسپتال قاضی گنڈ کا دورہ کر کے باہر سے آنے والے مسافروں کی سکریننگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر اننت ناگ بشیر احمد ڈاراور ڈپٹی کمشنر کولگام شوکت اعجاز بٹ کے علاوہ دیگر کئی اعلیٰ افسران ان کے ہمراہ تھے۔مشیر نے باہر سے آنے والے تمام مسافروں کی مکمل سکریننگ کے احکامات دئیے ۔انہوں نے کہا کہ ٹول پوسٹ پر مزید دو سکریننگ مراکز قائم کئے جائیں گے۔اُنہوں نے ضروری اشیاء لانے والی گاڑیوں کی بلا خلل نقل و حمل کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ اِس سے قبل سکریننگ سینٹر زِگ کے دورے کے دوران مشیر موصوف کو دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے اپنے اپنے حد اِختیار میں آنے والے علاقوں میں کئے گئے انتظامات کی تفصیلات دیں۔ انہوں نے کہا کہ سکریننگ مراکز پر طبی اور نیم طبی عملے کے علاوہ تکنیکی عملہ اور ضروری سازو سامان دستیاب رکھا گیا ہے جبکہ ریلوے سٹیشنوں پر بھی یہ سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں۔اِس موقعہ پر بتایاگیا کہ تما م سب ڈویژن اور تحاصیل میں مناسب سہولیات دستیاب رکھی گئی ہے جبکہ صورتحال پر نگاہ رکھنے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ اننت ناگ میں قائم گورنمنٹ میڈیکل کالج کو آئیسولیشن بیڈ فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ ویری ناگ، ڈورو، قاضی گنڈ ، ککر ناگ ،آکورہ ، سلر،ادلش ، پہلگام ، ویری اور بجیہاڑہ میں قائم طبی اداروں کے علاوہ پہلگام میں جے کے ٹی ڈی سی کی پانچ ہٹس میں کورین ٹائین سہولیات قائم کی گئی ہیں۔اِس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ مختلف گورنمنٹ ڈگری کالجوں اور سالیا کے اکلاویہ ماڈل سکول میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل سہولیت قائم کی جائے گی۔مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ ضلع انتظامیہ اننت ناگ نے بنگلہ دیش سے آنے والے 50طالب علموں کو سکریننگ کے بعد پہلگام قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا ہے۔ضلع انتظامیہ کے افسروں نے کہا کہ انتظامیہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ مشتبہ معاملات کا جائزہ لینے کے لئے پہلے ہی نگرانی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے مختلف محکمہ تال میل کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔دریں اثنا بصیر احمد خان نے دونوں ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ عام لوگوں کو کووِڈ 19 کے بارے میں جانکاری دینے کے لئے پنچایت راج اداروں کے نمائندوں کو شریک کریں۔ اُنہوں نے صورتحا ل پر قابو پانے کے لئے لوگوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں کو سرکار کی جانب سے جاری کی جانے والی کسی بھی ایڈوائزری کی پاسداری کرنی چاہئے۔
 

تازہ ترین