الطاف بخاری کا محلہ ومسجد کمیٹیوں کو متحرک کرنے پرزور

تیزانٹرنیٹ سروس کی بحالی اور بی پی ایل کنبوں میں مفت راشن تقسیم کی جائے

24 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

سرینگر//’اپنی پارٹی‘ کے صدرالطاف بخاری نے عوام کی مدد کے لئے کیمونٹی سطح کی کمیٹیوںکے قیام  پر زور دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ سماجی دوری کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم اپنی سماجی اور اخلاقی ذمہ داریوں سے دور ہوجائیں ۔انہوںنے تمام لوگوں اور خاص کر ’اپنی پارٹی‘ لیڈران کو اس مشکل وقت میں عوام کی مدد کیلئے پیش پیش رہنے کا مشورہ دیا۔انہوںنے سرکار سے وادی اورجموں میں تیزرفتارانٹرنیٹ سروس فوری طور بحال ااور بی پی ایل کنبوں میں مفت راشن فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کے این ایس  کے مطابق جموں کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بحاری نے آفات کے وقت محلہ کمیٹیوں کی رول کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے پھیلائو پر زور دیا ہے تاکہ اس مہلک وباء کے وقت میں ہم لوگوں کی مدد کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کچھ سرکار پر نہیں چھوڑ سکتے، تاہم محلہ کمیٹیاں اس میں ایک بڑا رول ادا کر سکتی ہے تاکہ مالی اعتبار سے کمزور کنبوں کو کسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔بخاری نے بتایا سوشل ڈسٹنس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم صرف اپنے گھروں یا کنبوں کا خیال رکھیں بلکہ اس مشکل وقت میں ہمیں اپنی سماجی اور اخلاقی ذمہ داریوں کویاد رکھ کر اپنے پڑوسیوں،غرباء کے علاوہ ان لوگوں کا خیال رکھنا نہیں بھولنا چاہیے جن کی روزی روٹی اس لاک ڈائون کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ اپنی پارٹی کے صدر نے بتایا اس وقت سب سے اہم ضرورت جو ہے، وہ یہ ہے کہ ہم ان لوگوںتک پہنچ جائیں جو دن کو کما کر لاتے اور شام کو کھاتے تھے ۔تاہم اس وبا ء کی وجہ سے پابندیاں لگانے کے نتیجے میں ایسے لوگ فاقہ کشی کا شکار ہونے لگے ہیں ۔انہوں نے اپنی پارٹی کے تمام ساتھیوں سے اپیل کی وہ اس وقت مدد کے لئے بلا لحاظ رنگ نسل ذات پات ایسے کنبوں کی مدد کریں۔سید الطاف بخاری نے وادی کشمیر میںبلا کسی تاخیرکے4Gانٹرنیٹ سروس کی فوری بحالی کامطالبہ کیا۔انہوں نے کہا اس سروس کو بحال کرنے سے گھروں میں بیٹھے طلبا کو تعلیم حاصل کرنے میں مدد ملے گی،جبکہ کار وباری افراد کو بھی یہ سروس چالو ہونے سے کافی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا جو نوجوان پرائیوٹ سیکٹر میںکام کر رہے اگر تیز رفتار انٹرنیٹ سروس کوبحال کیا جاتا ،ان میں کچھ افراد گھروں میں بیٹھ کرہی کم سے کم کام کر کے اپنا روز گار کما سکتے ہیں۔بخاری نے کہا جموں کشمیر میں لاک ڈائون کے نتیجے میں خط افلاس سے نیچے زندگی گزر بسر کرنے والے افراد فاقہ کشی کا شکار ہوئے ہیں ۔انہوں نے سرکار سے بی پی ایل کنبوں میںمفت راشن تقسیم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔
 

تازہ ترین