اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پرتاجرانجمن کوتشویش

دکانداروں کو قوم کے ہم رکاب چلنے کامشورہ

تاریخ    22 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر//وادی میں کرئونا وائرس کے خوف کے بیچ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے اور چور بازاری میں چیزوں کو فروخت کرنے کی خبروں کے تنا ظر میں کشمیر ٹریڈ الائنس نے دکانداروں اور تاجروں کو اس مشکل ترین وقت میں قوم کے ہم رکاب چلنے کا مشورہ دیاہے۔ کشمیر ٹریڈ الائنس کی ایک ہنگامی میٹنگ صدر اعجاز احمد شہدار کی صدارت میں منعقد ہوئی،جس کے دوران کرئونا وائرس کے وادی میں ممکنہ پھیلائو کے نتیجے میں احتیاتی اقدامات اٹھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹریڈ الائنس کے صدر جو کشمیر اکنامک الائنس کے نائب چیئرمین بھی ہیں، نے دکانداروں پر زور دیا کہ اس آزمائشی وقت میں وہ قوم کے قدم بہ قدم چلے ۔انہوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں نے ہر صورتحال میں صف اول پر لوگوں کے ساتھ مشکل ترین صورتحال کا مقابلہ سینہ سپر کرکے کیا اور آج ایک بار پھر دکانداروں اور تاجروں سے قوم کو یہی رول ادا کرنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حالات میں چند لوگ ناجائز منافع خوری اور چور بازاری کرکے تمام شعبے کی شبیہ بگاڑ رہے ہیں،جن کو ناہی تاجر اور ناہی تاریخ معاف کرے گی۔اعجاز احمد شہدار نے کہا کہ کشمیر ٹریڈ الائنس از خود بھی اس بات کا نہ صرف جائزہ لے گی بلکہ نگرانی بھی کریں گی کہ حالات کا ناجائز فائدہ اٹھا کر کوئی صارفین کو لوٹ تو نہیں رہا ہے۔ انہوں نے تاجروں اور دکانداروں سے وافر مقدار میں اشیائے ضروریہ کو دستیاب رکھنے پر زور دیا۔ اعجاز شہدار نے دوا فروشوں سے بھی اپیل کی کہ وہ حیات بخش ادویات اور دیگر ضروری ادویات کا اسٹاک بہم رکھے تاکہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ماسکوں اور سینٹائزروں کو بھی دستیاب رکھا جائے اور انہیں چور بازار میں اضافی نرخوں میں فروخت کرنے والے دکانادروں کو بے نقاب کریں۔ کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر نے اس دوران انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا کہ بیرون ریاستوں کے شہریوں اور مزدوروں کے وادی داخلے پر روک لگا دی جائے اور جو لوگ واپس آرہے ہیں انکی معقول انداز میں سکریننگ اور جانچ کی جائے۔شہدار نے انتظامیہ کو بھی مشورہ دیا کہ ان لوگوں کو گنجان آبادی میں قرنطینہ میں نہ رکھا جائے،تاکہ لوگوں میں وائرس پھیلنے کے خدشات پیدا نہ ہو۔اس دوران انہوں نے کشمیر اکنامک الائنس کی طرف سے جراثیم کش مائعات چھڑکنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ الائنس نے ہمیشہ معاشرے کے شانہ بشانہ رہ کر اپنا رول ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرئونا وائرس کا تدارک اور اس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے بر سر میدان تمام سماجی،مذہبی اور فلاحی و رضاکار انجمنوں کے علاوہ سیول سوسائٹی اور انتظامیہ کے ہمراہ شانہ بہ شانہ ٹریڈ الائنس کام کرے گی اور ان جماعتوں اور انتظامیہ کو اپنا تعاون بھی پیش کرے گی۔

تازہ ترین