تازہ ترین

رام باغ میں رابطہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل،لوگوں کو مشکلات درپیش

تاریخ    22 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر// رام باغ میں رابطہ سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے اور یہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ رام باغ میں زم زم بنڈ رابطہ سڑک اس قدر خستہ ہوچکی ہے کہ اس پر گاڑیوں کے ساتھ ساتھ راہ گیروں کا عبور و مرور مشکل بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ 9ماہ سے یہاں کوئی سرکاری اہلکار نہیں آیا ۔عتیق بشیر نامی شہری نے بتایا کہ گذشتہ برس سرینگر میونسپل کارپوریشن نے یہاں ایک ڈرین تعمیر کی تاہم سڑک کی مرمت نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ ڈرین کی تعمیر تو مکمل ہوئی تاہم سڑک کی تعمیر و تجدید نہیں کی گئی اور نہ ہی اس پر میکڈم بچھایا گیا جس کی وجہ سے سڑک دن بہ دن خستہ ہوگئی اور موسم سرما میں برف باری کے بعد سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ سڑک پر گہرے کھڈ بن چکے ہیں اور اس پر نہ صرف گاڑیوں بلکہ راہ گیروں کو چلنا پھرنا محال بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں مکینوں کو دوسرے راستوں سے مین سڑک پر پہنچنا پڑتا ہے غلام بنی نامی ایک اور شہری نے بتایا کہ بارشوں کے بعد یہ سڑک پانی اور کیچڑ سے لبریز ہوجاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ محکمہ آر اینڈ بی نے سڑک کی تعمیر و تجدید شروع کی تھی تاہم بعد میں کام کو ادھورا چھوڑ دیا گیا ۔مقامی لوگوں نے اس رابطہ سڑک کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے ۔