تازہ ترین

سیکورٹی صورتحال اور امر ناتھ یاترا

مرکزی داخلہ سیکریٹری نے انتظامات کا جائیزہ لیا

20 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں //مرکزی داخلہ سیکریٹری اجے کمار بھلا نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران امر ناتھ یاترا 2020 کے احسن انعقاد کیلئے کئے جا رہے سلامتی اوردیگر انتظامات کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میںلیفٹیننٹ گورنر کے مشیروں بصیر احمد خان اور آر آر بٹھناگر نے بھی شرکت کی ۔ اس میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جے اینڈ کے ، فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم ، پرنسپل سیکریٹری داخلہ ، سی ای اوامر ناتھ شرائین بورڈ ، اے ڈی جی پی سی آئی ڈی جے اینڈ کے ، آئی جی پی جموں ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، آئی جی پی کشمیر کے علاوہ سی آر پی ایف اور فوج کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ میٹنگ کے انعقاد ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سے کیا گیا ۔ اس موقعہ پر سلامتی انتظامات ، ٹیلی کام رابطے ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، صحت ، بجلی ، پانی اور موسم کی پیش گوئی جیسے کئی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مرکزی داخلہ سیکریٹری نے بہتر انتظامات کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کے مابین مؤثر تال میل کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام انتظامات کو وقت سے پہلے ہی حتمی شکل دی جانی چاہئے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس تعلق سے مرکزی وزارت داخلہ ایل جی انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے اس موقعہ پر یاترا کے احسن انعقاد کیلئے کئے جا رہے انتظامات کا ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال یاتریوں کو تمام روٹوں پر مزید سہولیات بہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پیشگی میں طبی عملے کو یاترا ڈیوٹی پر لگایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے راستوں پر سے برف ہٹانے کا کام وقت پر مکمل کیا جائے گا اور یہ معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو شبانہ ہیلی کاپٹر سروس بہم رکھنے کا معاملہ متعلقین کے ساتھ اٹھایا جائے گا ۔ بصیر خان نے یاتریوں کی رجسٹریشن اور دیگر معاملات کو آسان بنانے کیلئے اختیار کی جانے والی حکمتِ عملی کے مختلف گوشوں کو بھی اجاگر کیا ۔ اس موقعہ پر یاتریوں کیلئے موثر ٹریفک نظام کو اختیار کرنے پر بھی زور دیا گیا ۔ لفٹینٹ گورنرکے ایک اور مشیرآر آر بٹھناگر نے اس موقعہ پر کہا کہ ایل جی انتظامیہ یاترا کے احسن انعقاد کیلئے تمام لازمی اقدامات کر رہی ہے ۔ مشیر موصوف نے اُمید ظاہر کی کہ یاترا شروع ہونے سے پہلے ہی تمام انتظامات مکمل کئے جائیں گے ۔ 

تازہ ترین