تازہ ترین

حکومت صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہے: اتل ڈولو

مختلف ہسپتالوں کا دورہ ، دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا

13 مارچ 2020 (00 : 01 AM)   
(      )

جموں//صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اتل ڈولو نے کرونا وائرس کے پھیلائو پر روک لگانے کے لئے جمعرات کے روز جموں کے مختلف ہسپتالوںکا دورہ کر کے وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔جی ایم سی جموں کی پرنسپل ڈاکٹر سنندا رینہ ، کورونا وائرس کے لئے جموںوکشمیر کے نوڈل آفیسر ڈاکٹر شفقت خان اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔جی ایم سی جموں کے دورے کے دوران فائنانشل کمشنر نے کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے لئے قائم کئے گئے آئیسولیشن وارڈ کا معائینہ کیا۔ انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ حال ہی میں تعمیر کئے گئے آئی سی یو اور ایچ ڈی ڈبلیو کو مکمل طور کار گر بنائیں۔فائنانشل کمشنر نے ایس ایم جی ایس کا بھی دورہ کیا جہاں کورونا وائرس کے ممکنہ اور مشتبہ خواتین و بچوں کے لئے آئیسو لیشن سہولیات قائم کی گئی ہیں۔اُنہوں نے کہاکہ حکومت صورتحال پر قریبی نگاہ رکھے ہوئے ہے اور اس وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے مناسب اقدامات کئے جارہے ہیں۔فائنانشل کمشنر نے کہا کہ حکومت صورتحال کو قابو کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور لوگوں کو چاہئے کہ  وہ افواہوں پر کان نہ دھریں ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اب تک ایک مریض کو کورونا وائرس میں مبتلا پایا گیا ہے تاہم اس کی حالت مستحکم ہے۔اس مریض کو ڈاکٹروں کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والے افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے اور ان میں سے کئی لوگوں کو 28دِن کی نگرانی کا عمل مکمل کیا ہے۔فائنانشل کمشنر نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ سماجی اور دیگر اجتماعات سے احتراز کریں اور اگر کوئی شخص کسی بھی ملک یا دیگر علاقے کا سفر کر کے آیا ہے تو اُس کو چاہیئے کہ وہ متعلقہ حکام کو اپنے سفر کے بارے میں آگاہ کرے اور پوری تفصیلات دے ۔اُنہوں نے کہاکہ لوگوں کو چاہیئے کہ وہ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے احتیاط برتیں۔اتل ڈولو نے کہا کہ حفاظتی ماسک اور دیگر آلات کی کوئی کمی نہیں ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کرنے والے ادویات کی سات دکانوں کو سربمہر کیا گیا ہے۔سپر سپیشلٹی ہسپتال ( ایس ایس ایچ ) جموں کے دورے کے دوران فائنانشل کمشنر نے وہاں قائم ڈائیلسس سینٹر کا معائینہ کیا۔

تازہ ترین