تازہ ترین

غیر تدریسی سرگرمیوں کیلئے تدریسی عملے کی تقرری

سکولوں میں اساتذہ اور طالب علموں کا شرح تناسب برقرار رکھا جائے :گنائی

9 جولائی 2019 (00 : 01 AM)   
(      )

نیو ڈسک
سر ی نگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے سکولی تعلیم محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ ریاست کے سکولوں میں اساتذہ اور طالب علموں کی شرح کا توازن برقرار رکھا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی ہے کہ سکولوں میں غیر تدریسی سرگرمیوں کیلئے تعینات تدریسی عملے کو تقرری کی اصل جگہ بھیجا جانا چاہئیے ۔ مشیر موصوف نے یہ ہدایات ایک میٹنگ کے دوران دی جو سرکاری سکولوں میں تدریسی عملے کی دستیابی کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی تھی ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری سکولی تعلیم سریتہ چوہان ، ناظمِ تعلیم کشمیر محمد یونس ملک ، ناظمِ تعلیم جموں انورادھا گپتا اور تمام چیف ایجوکیشن افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاست میں اساتذہ کی کوئی کمی نہیں ہے تا ہم طالب علموں اور اساتذہ کی شرح کا تناسب کچھ سکولوں میں غیر متوازن ہے ۔ دونوں ناظمین نے جانکاری دی کہ اس معاملے میں سدھار لانے کیلئے پہلے ہی کاروائی شروع کی گئی ہے ۔ خورشید احمد گنائی نے ریاست کے تمام اضلاع میں تدریسی عملے کی تعیناتی اور خالی پڑی اسامیوں کے بارے میں تفصیلات طلب کی ۔ انہیں بتایا گیا کہ پرنسپلوں ، ہیڈ ماسٹروں اور ماسٹروں کی اسامیاں عنقریب پُر کی جائیں گی ۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ حال ہی میں تعینات کئے گئے اساتذہ نے اپنی تقرریوں کی جگہ پر جوائین کیا ہے جس سے ریاست میں تدریسی عملے کی کمی کو کافی حد تک پُر کیا گیا ہے ۔ میٹنگ کے دوران خورشید احمد گنائی نے سکولی تعلیم شعبے میںمزید بہتری لانے کیلئے کیپکس بجٹ کے موثر استعمال پر زور دیا ۔ انہوں نے مختلف پروجیکٹوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ خورشید احمد گنائی نے سکولوں میں طالب علموں کیلئے تمام بنیادی سہولیات دستیاب رکھنے کی تلقین کی ۔ اس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری سکولی تعلیم نے افسروں سے تلقین کی کہ وہ مسلسل بنیادوں پر متعلقہ سکولوں کا دورہ کریں تا کہ تدریسی عمل پر نگاہ رکھی جا سکے اور اس میں مزید بہتری کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے چیف ایجوکیشن افسروں اور زونل ایجوکیشن افسروں کو دوروں کے تعلق سے ٹور ڈائری تیار کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے سکولوں کی کارکردگی میں کافی بہتری آئے گی ۔ 
 

تازہ ترین