تازہ ترین

کوٹرنکہ کالج کی عمارت 3برسوں سے نامکمل

تعمیر ی عمل جلدازجلدشروع کرنے کی مانگ

تاریخ    14 مئی 2022 (00 : 01 AM)   


محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ ڈگری کالج کا تعمیر ی عمل گزشتہ 3برسوں سے مکمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی کا عمل بُری طرح سے متاثر ہورہا ہے ۔اس سلسلہ میں سیاسی نمائندوں کا ایک اجلاس کوٹرنکہ ڈاک بنگلہ میں منعقد ہوا جس میں کالج کے تعمیری عمل کو لے کر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔اراکین نے بتایا کہ کالج کی تعمیر کے سلسلہ میں 2019میں عملی بنیادوں پر سنگ بنیاد رکھا گیا تھا تاہم اُ س دوران کام کو 2021میں 13کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا لیکن 3برسوں بعد بھی مذکورہ عمارت کی تعمیر شروع ہی نہیں ہو سکی۔انہوں نے کہاکہ ابھی تک نہ تو عمارت کی تعمیر کیلئے معقول جگہ کا تعین کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے کالج کے چار سے کے قریب بچوں کو گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول کے 2کمروں میں تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔معززین نے کہاکہ ہائر سکینڈری سکول میں پہلے سے ہی بڑی تعداد میں بچے موجود ہیں تاہم کالج کے بچوں کی آمد کے بعد صورتحال مزید پیچیدہ بن گئی ہے ۔اجلاس کے دوران بھاجپا لیڈر دیو راج شرما ،این سی لیڈر چوہدری شفیع ،این سی بلاک صدر ایوب پہلوان ،بھاجپا منڈل پردھان رمیش چندر ،جگت رام ،چوہدری محمد طفیل ودیگران نے اجلاس کے دوران متفقہ طورپر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بغیر کسی تاخیر کے کالج کی تعمیر کا عمل شروع کروایا جائے تاکہ بچوں کی پڑھائی متاثر نہ ہو ۔