تازہ ترین

راہل بھٹ کی آخری رسومات ادا

لیفٹیننٹ گورنر اہلخانہ سے ملے،ایس آئی ٹی قائم،ایس ایچ او چاڑورہ لائن حاضر

تاریخ    14 مئی 2022 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا مہلوک راہل بھٹ کے اہلخانہ سے ملے اور انہیں انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہم پسماندگان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس گھناؤنی حرکت کے مرتکبین کو بخشا نہیں جائے گا۔منوج سنہا نے ایک ٹویٹ میں کہا’راہل بھٹ کے رشتہ داروں سے ملا اور خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی‘۔ان کا ٹویٹ میں مزید کہنا تھا’جنگجوؤں اور ان کے حامیوں کو یہ گھناؤنی حرکت انجام دینے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ راہل کی اہلیہ کو جموں میں سرکاری ملازمت نیز اسکے اہل خانہ کو مالی معاونت فراہم کی جائیگی۔اسکے علاوہ راہل کی بیٹی کے تعلیمی اخراجات سرکار اٹھائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے SITقائم کی جائیگی اسکے علاوہ متعلقہ ایس ایچ او لائن حاضر کیا گیا ہے۔