تازہ ترین

حیدرآباد پلے آف کی دعویداری پکی کرنے اترے گا

تاریخ    14 مئی 2022 (00 : 01 AM)   


 پونے//سن رائزرس حیدرآباد ہفتہ کو ایم سی اے اسٹیڈیم میں کولکاتہ نائٹ رائڈرس کے خلاف ہونے والے آئی پی ایل مقابلے میں پلے آف کا دعویٰ مضبوط کرنے کے ارادے سے اترے گا۔حیدرآباد 11 میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں چھٹے نمبر پر ہے ۔ پلے آف میں پہنچنے کے لیے حیدرآباد کو اپنے بقیہ تینوں میچ جیتنے ہیں اور اس کا آغاز وہ کولکاتہ کے خلاف میچ سے کرے گا۔ دوسری طرف کولکاتہ 12 میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے اور اس کے پلے آف کے امکانات بہت کم ہیں۔تیز گیند باز امیش یادیو اور پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں توقع ہے کہ آندرے رسل گیندبازی میں پورے چار اوورز ڈالیں گے اوروکٹ اپنے نام کریں گے ۔ وہ 14 وکٹوں کے ساتھ کولکاتہ کے لیے اس سیزن میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندبازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ رسل نے ان دونوں ٹیموں کے درمیان اس سیزن میں کھیلے گئے آخری میچ میں دووکٹ لئے تھے اور 49 رن بھی بنائے تھے ۔پہلی پسند نہ ہونے کے باوجود ٹم ساؤتھی نے اس سیزن میں کولکاتہ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ 7.22 کی کفایتی اکانومی سے گیندبازی کرتے ہوئے انہوں نے 12 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف اپنے آخری پانچ میچوں میں وہ آٹھ کی اکانومی سے آٹھ وکٹ لے چکے ہیں۔ حیدرآباد کے ایڈن مارکرم اس سیزن میں تسلسل کے ساتھ رن بنانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک رہے ہیں۔ نو اننگز میں 65.20 کی اوسط اور 142.98 کے اسٹرائیک ریٹ سے ان کے نام 326 رن ہیں۔ کولکاتہ کے خلاف اس سیزن کے پہلے میچ میں مارکرم نے 36 گیندوں پر ناقابل شکست 68 رنز بنائے تھے ۔ ساتھ ہی اس میدان پر ایک میچ میں وہ نصف سنچری اننگ کھیل چکے ہیں۔ نتیش رانا نے سال 2018 میں جب سے کولکاتہ کے لیے کھیلنا شروع کیا ہے ، وہ ٹیم کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ سست آغاز کے بعد ان کی گاڑی دوبارہ پٹری پر آ گئی ہے اورگزشتہ سات میچوں میں چار بار انہوں نے 40 رںوں کا ہندسہ عبور کیاہے ۔ اپنے آئی پی ایل کیریئر میں انہوں نے سب سے زیادہ 394 رن سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف ہی بنائے ہیں۔ سن رائزرز کے خیمے میں کئی بہترین کھلاڑی ہونے کے باوجود، جگدیش سوچیت اس سیزن میں کھیلے گئے چاروں میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی بن کرابھرے ہیں۔