تازہ ترین

جموں و کشمیر میں 48گھنٹے موسم کے خشک رہنے کی پیش گوئی

تاریخ    29 جنوری 2022 (35 : 12 PM)   
(آمان فاروق)

نیوز ڈیسک
سری نگر//محکمہ موسمیات کی اگلے 48 گھنٹوں کے دوران خشک موسم کی پیش گوئی کے بیچ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات موسم صاف ہونے کی وجہ سے شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہی رہا ہے۔ 
 
محکمہ کے ایک اہلکار نے کہا، "اگلے 48 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر اور لداخ میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، وہیں دونوں خطوں میںکم از کم درجہ حرارت کم رہنے کا امکان ہے"۔
 
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں یکم فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم 2 فروری کو ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ وادی میں پھر چار فروری تک موسم خراب رہنے کی ہی توقع ہے۔
 
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردی سے قدرے راحت نصیب ہوئی ہے۔
 
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
 
سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
 
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت منفی10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔