تازہ ترین

جموں و کشمیر امن و ترقی کی راہ پر گامزن ہے: منوج سنہا

تاریخ    26 جنوری 2022 (48 : 04 PM)   


یواین آٸی

جموں//جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔

ان کا ساتھ ہی کہنا تھا کہ بعض لوگ جموں وکشمیر کی ترقی سے خوش نہیں ہیں وہ لوگوں کو اکسانے میں مسلسل مصروف عمل ہیں۔

موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں مولانا آزاد اسٹیڈیم میں ملک کے 73 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا: ’وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور یونین ٹریٹری کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں تمام تر کوششیں جاری ہیں
کسی کا نام لئے بغیر ان کا کہنا تھا: ’بعض لوگ جموں وکشمیر کی ترقی کو دیکھ کر خوش نہیں ہیں اور وہ لگاتار لوگوں کو اکسا رہے ہیں‘۔

سنہا نے کہا کہ میں یونین ٹریٹری کے نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تعمیر و ترقی کا حصہ بن جائیں اور اپنے مستقبل کو تشکیل دیں۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے اقتصادی حالات صنعتی سرمایہ کاری سے مزید مستحکم ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہ فروری میں ہم پچیس ہزار کروڑ سرمایہ کاری کی توقع کرتے ہیں۔

موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر سرکار نے رشوت خوری سے صاف انتظامیہ کو یقینی بنایا ہے اور یہاں آج کوئی بھی کام باقاعدہ ٹنڈرنگ کے بغیر نہیں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری حکومت نے کورونا ویکسینیشن میں بھی ایک سنگ میل حاصل کیا۔