تازہ ترین

بدھل کے بیشتر علاقوں کا زمینی رابطہ ہنوز منقطع | بجلی سپلائی کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں

تاریخ    26 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


محمد بشارت
کوٹرنکہ// سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بدھل تحصیل کے دیہات میں جانے والی کئی رابطہ سڑکیں آج بھی بند پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے مذکورہ گائوں کا زمینی رابطہ آج بھی منقطع پڑا ہوا ہے ۔کوٹرنکہ سب ڈویژن کے بالائی علاقوں میں گزشتہ دنوں ہوئی شدید برفباری کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکیں جہاں پسیوں کی وجہ سے بند ہوئی ہیں وہائیں کچھ سڑکوں سے برف کو ہٹانے کا بھی کوئی بندوبست نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ کوٹرنکہ ،بدھل خواص سڑک ،کوٹرنکہ شاہپور سڑک ،نگا تھب سڑک ،کنڈی گلی ،کنتھول ودیگر رابطہ و مین سڑکیں بند پڑی ہوئی ہیں ۔شاہپور کے جاوید ملک اور پنچایت حلقہ ترگائیں کے سابقہ سرپنچ شاہ محمد چوہدری نے بتایا کہ برفباری کی وجہ سے بجلی سپلائی بھی بند پڑی ہوئی ہے جبکہ لوگوں کو دیگر بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو نا شروع ہو گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ و متعلقہ محکموں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دیہات میں جہاں بنیادی سہولیات کی شدید قلت پائی جارہی ہے وہائیں انتظامیہ کی جانب سے کوئی پیشگی بندوبست بھی نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ موسم خراب ہونے کیساتھ ہی بدھل کے بیشتر دیہات میں بجلی غائب ہو جاتی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکیں بحال کرنے کیساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات بھی میسر کی جائیں ۔