تازہ ترین

۔500لیٹر فی منٹ آکسیجن پلانٹ و 5وینٹی لیٹرز | کیساتھ مینڈھر میڈیکل بلاک کووڈ سے نمٹنے میں مصروف

تاریخ    26 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


سمت بھارگو
راجوری//کووڈ کی تیسری لہر میں 500 لیٹر فی منٹ کی صلاحیت کے نئے نصب شدہ آکسیجن جنریشن پلانٹ اور پانچ وینٹی لیٹرز کے ساتھ پونچھ ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن میں محکمہ صحت نے کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے و وائرس سے مضبوطی سے نمٹنے میں مصروف ہے ۔پونچھ ضلع کا مینڈھر میڈیکل بلاک پونچھ ہائی وے پر بھمبر گلی سے شروع ہو کرجڑانووالی گلی اور کرشنا گھاٹی تک ایک وسیع علاقے میں صحت شعبہ کے سلسلہ لوگوں کی دیکھ بھال کررہا ہے جبکہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ وسیع علاقہ بھی اس میڈیکل بلاک کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھرڈاکٹر پرویز خان نے کہا کہ ان کے بلاک میں صحت کی دیکھ بھال خاص کر کووڈ جیسی مہلوک وبا کے بعد سہولیات کو کافی حد تک بڑھایا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں ایک 500 لیٹر فی منٹ کی صلاحیت کاآکسیجن جنریشن پلانٹ قائم کیا گیا ہے جو گورنمنٹ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھرمیں کام کر رہا ہے اور اس کا بنیادی مقصد کسی بھی طبی ایمر جنسی کے دوران مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔ ڈاکٹر خان نے مزید کہا کہ ایس ڈی ایچ مینڈھر میں پانچ وینٹی لیٹرز نصب کئے گئے ہیں جو فعال ہیں اور ان وینٹی لیٹرز کو کسی بھی ضرورت کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایس ڈی ایچ مینڈھر اور مینڈھر بلاک کے پانچوں پی ایچ سی میں آئسولیشن وارڈز قائم کئے گئے ہیں جن میں منکوٹ، چھترال ،دھار گلون ،ہرنی اور بھاٹہ دھوڑیاں شامل ہیں ۔موصوف نے بتایا کہ محکمہ کے پاس اس وقت بہترین کووڈ ٹیسٹنگ ماڈل موجود ہے اور لگ بھگ تمام سڑکوں کو چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جہاں پر تعینات ملازمین نمونے جمع کر کے ان کی جانچ کررہے ہیں ۔