تازہ ترین

جموں میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات

شہر میں جگہ جگہ ناکے ،راہگیروں کی تلاشی ،سرحدوں پر گشت کا سلسلہ تیز

تاریخ    26 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   
(عکاسی: میر عمران)

نیوز ڈیسک
جموں// جموں میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جہاں دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات فوجیوں کو الرٹ حالت میں رکھا گیا ہے ، وہیں میدانی علاقوں میں جنگجووں کی سرگرمیوں پر بریک لگانے کے لئے تلاشیوں اور گشت کا سلسلہ گذشتہ قریب دو ہفتوں سے جاری ہے ۔ سرمائی دارالحکومت جموں جہاں ایم اے اسٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی جس میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا پرچم کشائی کی رسم انجام دیں گے ، کے ارد گرد سخت سیکورٹی پہرہ بٹھایا گیا ہے ۔ جموں شہرمیں جگہ جگہ پر ناکے بٹھائے گئے ہیں جہاں نہ صرف ہر آنے جانے والی گاڑی بالخصوص دوپہیہ گاڑیوں کی تلاشی لی جاتی ہے ، بلکہ ان میں سوار افراد کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ ان سے پوچھ گچھ کی جاتی ہے ۔پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے کہا کہ جموں میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لئے سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سرحدوں پر تعینات فوجی مستعد ہیں اور دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے اہل ہیں۔صوبہ جموں کے آئی جی پی نے بتایا کہ تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام درکار اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا 'سیکورٹی کو ہر سال 26 جنوری کے موقع پر ہائی الرٹ پر رکھا جاتا ہے ۔ تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام درکار اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ اس بار یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب ایم اے اسٹیڈیم میں ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیڈیم کے احاطے اور اس کے نزدیکی علاقوں میں تلاشیوں کا سلسلہ گذشتہ قریب ایک ہفتے سے جاری ہے ۔ مشتبہ نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے '