تازہ ترین

ڈوڈہ کے بالائی علاقوں میں تیسرے روز بھی برفباری،معمولات زندگی متاثر

۔33 کے وی لائن میں خرابی کے باعث ٹھاٹھری و گندوہ میں بجلی نظام ٹھپ،بیشتر علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع

تاریخ    25 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے برفباری و بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس دوران معمولات زندگی متاثر ہوئیں۔اطلاعات کے مطابق ہفتہ کی شب ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ ،بھلیسہ ،بونجواہ ،مرمت ،گندنہ کے مضافات میں ہلکی برفباری و بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو اتوار کو و پیر کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہیں۔تاہم بعد دوپہر موسم ابر آلود رہا. مسلسل برفباری و بارشوں کی وجہ سے جہاں ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر بھاری پھسلن، دھند پیدا ہوئی متعدد مقامات پر پتھر گرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا جبکہ ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ سمیت اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر بھی پسیاں گر آئیں جس کے نتیجے میں ٹریفک معطل رہا۔ اس دوران چلی پنگل ،چنگا ،گندوہ ،جکیاس ،کاہرہ ،بونجواہ ،فیگسو ،چرالہ ،بھالہ ،گندنہ ،گھٹ ،مرمت ،اٹھکار ،کاستی گڑھ و دیگر بلاکوں سے پنچائتی اراکین و سیول سوسائٹی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پانی کی اسکیمیں کافی عرصہ پہلے ناکارہ ہوچکی ہیں اور متعلقہ محکمہ مرمت کرنے میں ناکام رہا ہے۔کالجگاسر سے سرپنچ پنڈت دیوی رام کے مطابق علاقہ میں چھ سے آٹھ فٹ کے قریب برف جمع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے ساتھ ساتھ زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے جبکہ غذائی اجناس کی بھی قلت پائی جاتی ہے۔سرپنچ پنچائت منو جال چوہدری کالیا چاڑ نے کہا کہ شدید برفباری سے نہ صرف عام لوگوں بلکہ مال مویشیوں کے چلنے کے راستے بھی بند ہوئے ہیں۔انہوں نے پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا ہے جبکہ تیل خاکی کی بھی قلت پائی جاتی ہے۔انہوں انتظامیہ سے رابطہ سڑکوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ پانی، بجلی نظام بحال کرنے و پکڈنڈی راستوں کی مرمت کا کام عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے دیہی علاقوں میں پنچائتی سطح پر منریگا کے تحت پگڈنڈی راستوں و گلی کوچوں سے برف ہٹانے کے لئے فنڈس دستیاب کرنے کی بھی مانگ کی۔ایس ڈی پی او گندوہ شہزادہ کبیر متو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا بالائی علاقوں میں بھاری برفباری ریکارڈ کی گئی ہے تاہم ابھی تک کسی بھی علاقے میں کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر برف سے پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کو بند رکھا گیا ہے لیکن ایمرجنسی سروسز کی بحالی کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ادھر 33 کے وی ترسیلی نظام میں خرابی آنے کے باعث سب ڈویڑن گندوہ و سب ڈویڑن ٹھاٹھری میں بجلی ٹھپ ہے۔محکمہ کے اے ای کے مطابق بحالی کا کام جاری ہے۔ایس ڈی پی او نے کہا کہ سیول و پولیس انتظامیہ نے عوامی مسائل کے حل کیلئے ضلع و سب ڈویژنل و بلاک سطح پر ہیلپ ڈیسک قائم کئے ہیں اور سبھی پولیس چوکیوں کو بھی متحرک کیا ہے۔انہوں نے لوگوں سے خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
 

تازہ ترین