جموں ضلع میں 300 سے زیادہ ڈاکٹر،نیم طبی عملہ کے ممبران کورونامثبت

متاثرہ مریض، عمر رسیدہ افراد ٹرائیج ٹیسٹ کیلئے سی ڈی ہسپتال، ڈی آر ڈی او جموں سے رجوع کریں:سی ایم او جموں

تاریخ    24 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


سید امجد شاہ
جموں//محکمہ صحت کے 300 سے زیادہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل عملہ کے ممبران، جو جموں ضلع میں مختلف مقامات پر لوگوں کے نمونے لینے والی ٹیموں کا حصہ تھے،کااپنا کووڈ 19ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ضلع بھر میں محکمہ صحت کی جانب سے 53 سے زائد ٹیموں کی تعیناتی کے ساتھ نمونے لینے کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ ٹیم کے بہت سے ارکان جو مختلف جگہوں سے کووڈ کے مشتبہ مریضوں کے نمونے لیتے ہیں ،وہ بھی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ان کا کہناتھا’’محکمہ صحت کے 300 سے زیادہ ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ارکان وائرس سے متاثر ہوئے ہیں‘‘۔انہوںنے بتایا کہ وہ ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے ارکان کو شفٹوں میں تعینات کر رہے ہیں۔ان کا کہناتھاکہ "سات دن کی تنہائی اور طبی دیکھ بھال کے بعدڈاکٹر اور عملے کے دیگر ارکان ڈیوٹی جوائن کر رہے ہیں اور وائرس سے متاثرہ دیگر افراد سات دن کی چھٹی لے رہے ہیں"۔انہوںنے مزیدکہا"کسی نہ کسی طرح ہم نمونے لینے کا انتظام کر رہے ہیں جو پورے جموں ضلع میں جارحانہ انداز میں جاری ہے۔ ہم نے اس جگہ پر لوگوں کی تھرمل سکریننگ کے لیے چھ ٹیمیں بھی تعینات کی ہیں جہاں یوم جمہوریہ پریڈ نکالی جائے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹیمیں 29 جنوری تک وہاں تعینات رہیں گی جبکہ محکمہ نے جموں ہوائی اڈے پر 19 ٹیمیں اور ریلوے اسٹیشن پر 24 ٹیمیں تعینات کی ہیں تاکہ لوگوں کی آمد پر ان کا نمونہ لیا جا سکے۔عہدیدار کا کہناتھا"تقریباً 100-150 نمونے جموں کے ہوائی اڈے اور 800 جموں ریلوے اسٹیشن سے معمول کے مطابق لیے جاتے ہیں"۔ دریں اثناء چیف میڈیکل آفیسرجموںجے پی سنگھ نے بتایا کہ مہلک وائرس کے بارے میں لوگوں کی طرف سے بخشی نگر میں سینے کے امراض کے ہسپتال اور ڈی آر ڈی او جموں میں ٹرائیج ٹیسٹ کے لئے حاضرنہ ہونے کو غیر ذمہ دارانہ رویہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ شدید بیماری والے اور عمر رسیدہ افراد، جن میں کووِڈ 19 کی علامات پائی جاتی ہیں، انہیں اپنے طبی معائنہ کے لیے بخشی نگر کے سی ڈی ہسپتال بخشی نگر اور ڈی آر ڈی او ہسپتال آنا چاہیے بجائے اس کے کہ وہ گھر میں تنہائی میں علاج کرائیں۔انہوں نے کہا کہ عمر رسیدہ افراد اور بیماری میں مبتلا افراد کو چاہیے کہ وہ علامات ظاہر ہونے یا وائرس سے متاثر ہونے کے فوراً بعد مذکورہ ہسپتالوں سے رجوع کریں تاکہ انہیں بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ایک اورعہدیدارنے بتایا کہ ایم سی ایچ، ڈی آر ڈی او جموں اور جی ایم سی جموں کے کوویڈ کیئر وارڈ میں لگ بھگ 109 متاثرہ افراد کو داخل کیا گیا ہے۔ان کاکہناتھا "ہمارے پاس ان ہسپتالوں میں لگ بھگ 817 متاثرہ افراد کو داخل کرنے کی گنجائش ہے اور ضرورت کے مطابق صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا" ۔انہوںنے زور دے کر کہا کہ متاثرہ افراد کی اکثریت گزشتہ سال کے برعکس گھروں میں تنہائی میں ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ جموں ضلع میں لگ بھگ 59 مائیکرو کنٹینمنٹ زونز ہیں اور 15 دیگر کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون سے متاثرہ افراد کی بازیابی کے بعد ڈی نوٹیفائی کیا گیا ۔
 

تازہ ترین