اب ماہ رواں کے آخر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے : سونم لوٹس

تاریخ    23 جنوری 2022 (19 : 05 PM)   


نیوز ڈیسک
سری نگر//محکمہ موسمیات کے سربراہ کا کہنا ہے کہ 24 جنوری سے موسم میں بہتری آئے گی اور ایک ہفتے تک موسم خشک رہے گا۔
 
یو این آئی اردو کے ساتھ گفتگو کے دوران محکمہ موسمیات کے سربراہ سونم لوٹس نے کہاکہ اتوار کے روز جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے۔
 
انہوں نے بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری ریکارڈ ہوئی جبکہ شہر سری نگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں بارشیں ہو ئی ہیں۔
 
اُن کے مطابق 24 جنوری سے موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے ۔
 
انہوں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں ایک ہفتے تک موسم خشک رہے گا، فی الحال موسم میں تبدیلی آنے کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا ہے۔
 
بتادیں کہ جنوبی کشمیر میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کو برف باری ہوئی جس وجہ سے کئی علاقوں میں معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے۔
 
قابل ذکر ہے کہ سردیوں کے بادشاہ چلہ کلان اکیس دسمبر سے اپنے چالیس روزہ مسند اقتدار پر پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ افروز ہو گیا ہے۔
چلہ کلان جو شہنشاہ زمستان کے نام سے بھی وادی کے قرب و جوار میں مشہور ہے، 21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوتا ہے۔
 
اس کے اختتام کے بعد بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوجاتا ہے تاہم اس کی حکومت کے دوران سردی کی شدت میں بتدریج کمی واقع ہونے لگتی ہے تاہم بھاری برف باری کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین