تازہ ترین

خطہ پیر پنچال کی شاعرہ کے شعری مجموعہ’اضطراب‘ کی رسم رونمائی

والدین کے ہاتھوں سادگی کے ساتھ انجام دی گئی

تاریخ    23 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


سمیت بھارگو
راجوری // خطہ پیر پنچال سے تعلق رکھنے والی اردو کی معروف شاعرہ روبینہ میر کے پانچویں شعری مجموعہ ’اضطراب‘ کی رسم رونمائی ان کے والدین کے ہاتھوں سے ان ہی کے گھر راجوری میں سادگی کے ساتھ انجام دی گئی۔ روبینہ میر کے والد میر عبد السلام راجوری اردو کے معروف صحافی ہیں ۔وہ ہفت روزہ آئینہ قلب کے مدیر اعلیٰ ہیں ۔روبینہ میر کی والدہ ظریفہ بیگم خاتون خانہ ہیں۔ رسم رونمائی کے دوران روبینہ میر نے بتایا ’’ میں جو کچھ بھی ہوں اپنے والدین کی وجہ سے ہوں اور ان کے سائے میں رہ کر میں نے یہ مقام حاصل کیا ‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’میرے والد نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی اورمیرے والدین میرے گلشنِ حیات میں بہار ہے۔جو دنیا میں میرے لئے نعمت ، راحت و فرحت اور آخرت میں بخشش کا وسیلہ ہیں یعنی میری دنیا بھی انہی سے ہے اور میری آخرت میں جنت کا سامان بھی یہی ہیں اور یہ میرے لئے رحمت بھی ہیں نعمت بھی ہیں اور بیش بہا دولت بھی ، میرے لئے سرمایہ حیات اور وسیلہ نجات بھی یہی ہیں۔ انہوں نے کہا ’’ میری کتاب کی رسمِ رونمائی کے لئے ان کے ہاتھوں سے بڑھ کر اور کس کے ہاتھ ہو سکتے ہیں‘‘۔روبینہ میر نے کہا’’ عزت و احترام اور عظمت و رفعت کے لحاظ سے میرے لئے دنیا کی تمام عظیم سیاسی ،سماجی اور ادبی ہستیاں ایک طرف اور میرے والدین ایک طرف، خوشی کے اس موقع پر میری طرف سے عزت افزائی کے اصل حقدار یہی ہستیاں ہیں‘‘۔