تازہ ترین

بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری، شاہراہ قابل آمدورفت | خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر آج ٹریفک معطل رہنے کا امکان

تاریخ    23 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


محمد تسکین
بانہال // ہفتے کے روز بھی موسم ابر آلود رہا اور وقفے وقفے سے میدانی علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شام تک جاری تھا۔ جمعہ کی دوپہر سے شام تک بانہال اور اس کے مضافاتی علاقوں میں ایک انچ سے پانچ انچ تک برفباری ہوئی تھی جبکہ جواہر ٹنل اور اس کے پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر نو انچ کے قریب تازہ برفباری ہوئی ہے۔ اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور ہفتے کے روز معمول کے ٹریفک کو سرینگر سے جموں کی طرف جانے کی اجازت تھے۔ادھرٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز برف باری اور بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے اتوار کے روز شاہراہ پر ٹریفک معطل رہے گا۔اْن کا مزید کہنا تھا کہ اگر موسم ٹھیک رہا تواْس صورت میں صرف چھوٹی گاڑیوں کو جموں سے سری نگر کی طرف جانے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ اتوار کے روز موسم ٹھیک رہنے کی صورت میں گاڑیوں کو یک طرفہ چلنے کی اجازت دی جائے گی۔بتادیں کہ محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ اتوار کے روز برف باری اور بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے بعض علاقوں کے ساتھ ساتھ جواہر ٹنل کے آر پار برف باری کا امکان ہے جس کے پیش نظر شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہو سکتا ہے