تازہ ترین

خطہ چناب میں ہفتہ وار کورونا لاک ڈائون سے نظام زندگی مفلوج

ضروری خدمات کی سروسز کو چھوڑ کر کاروباری ادارے و پبلک ٹرانسپورٹ بند

تاریخ    23 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


اشتیاق ملک+عاصف بٹ
ڈوڈہ+کشتواڑ+رام بن //کووڈ 19 کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر انتظامیہ کی جانب سے عائد کی گئی ہفتہ وار بندشوں کے سلسلے میں ڈوڈہ ضلع میں ایمرجنسی سروسز کو چھوڑ کر باقی ہر طرح کی تجارتی سرگرمیاں و عوامی ٹرانسپورٹ بند رہا۔اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر کے شہر و گام میں بندشیں عائد رہیں اور ایمرجنسی سروسز کے علاوہ باقی سبھی کاروباری ادارے بند رہے۔اس دوران امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے و ایس او پیز کے نفاذ کے لئے سیکورٹی فورسز و پولیس کی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔ادھر گذشتہ روز ضلع انتظامیہ نے قصبہ ڈوڈہ میں یاسین سہروردی کے مکان سے طاہر سہروردی کے مکان تک کے علاقہ کو مائکرو کنٹینمنٹ زون قرار دے کر ہر طرح کی نقل و حرکت پر مکمل روک لگائی ہے۔ادھرجمعہ بعد دوپہر لگائے گئے ہفتہ وار کورونا لاک ڈائون کے دوسرے روزبھی ضروری خدمات کی دوکانوں کو چھوڑ کر سبھی دوکانیں وکاروباری ادارے و دیگر اہم ترین مراکز بند رہے تاہم سڑکوں پر گاڑیوں کی آواجاہی دن بھر جاری رہی۔انتظامیہ مسلسل عوام سے بلاجواز گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل کررہی ہے تاکہ بڑھتے ہوئے مثبت معاملات پر قابو پایا جاسکے۔ اگرچہ ضروری خدمات کی دوکانیں جن میں ادویات ، دودھ ، گوشت ، سبزی و کریانہ کی دوکانیں کھلی تھیں تاہم لوگوں کی بڑی کم تعداد بازاروں میں دیکھی گئی اور لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ہی ترجیح دی۔مقامی دوکانداروں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ اپنی مرضی سے ہی حکمنامے جاری کرتی ہے جبکہ جموں ، ادھم پور ، سانبہ و دیگر اضلاع میں دیگر احکامات جاری کئے جاتے ہیںجبکہ یہاں ضروری اشیاء کی دوکانوں کو بھی بند کرایا جاتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ضلع میں دوکانوںکو بند کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ دوکانوں کو بند نہ کرائے ۔ادھر رام بن اور ریاسی اضلاع میں بھی ہفتہ وار لاک ڈائون کے سلسلے میں شدید بندشوں کی اطلاعات ہیں۔جہاں رام بن ضلع میں لاک ڈائون سے ہو کا عالم رہا وہیں ریاسی ضلع میں بھی معمولات ٹھپ رہے اور زندگی کی رفتار تھم کر رہ گئی۔
 
 

تازہ ترین