شوپیان میں انکائونٹر ختم | 2مقامی ملی ٹینٹ جاں بحق

فائرنگ کے تبادلے میں رہائشی مکان کو شدید نقصان

تاریخ    23 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


شاہد ٹاک
 شوپیان// جنوبی ضلع شوپیان میں سنیچر دن بھر کی مسلح تصادم آرائی میں 2مقامی ملی ٹینٹ جاں بحق جبکہ ایک رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق انہیں کلبل مانتری بگ حرمین نامی ایک چھوٹے سے گائوں میں 2ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ34آر آر ،سی آر پی ایف 178 بٹالین اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے ضلع ہیڈکوارٹر سے قریب 15 کلومیٹر کی دوری پر واقع  مذکورہ بستی کو سنیچر کی دوپہرمحاصرے میں لیا اور گائوں کی مکمل ناکہ بندی کر کے تلاشیوں کا آغاز کیا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق تلاشی کرنے کی غرض سے جب فورسز اہلکار بستی میں داخل ہوئے تو ملی ٹینٹوں نے منظور احمد راتھر ولد گلہ راتھر کی رہائش گاہ میں پناہ لی اور سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد مختصر وقت تک گولیوں کا تبادلہ ہوتا رہا۔پولیس نے بتایا کہ فورسز نے ملی ٹینٹوںکو خودسپردگی کا موقع بھی دیا تاہم انہوںنے خودسپردگی کرنے سے انکار کردیا۔ دن کے 12 بجے مکان سے عسکریت پسندوں نے گولیوں کے کچھ رانڈ فائر کیے۔دن کے ڈیڑھ بجے دونوں طرف سے گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جو شام 5 بجکر 40 منٹ تک جاری رہا۔ انکائونٹر میں دو ملی ٹینٹ جاں بحق ہوئے جبکہ رہائشی مکان تباہ ہوا۔مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت سمیر احمد شاہ ولد نذیر احمد شاہ ساکن دانگام شوپیان اور رئیس احمد میر ولد محمد اشرف میر تکیہ واگم پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔ دونوں ملی ٹینٹوں سے ہتھیار اور دیگر قابل اعتراض چیزیں برآمد کیا گیا۔
 
 

ملی ٹینٹوں کا معاون 

پنچائتی نمائندہ گرفتار 

اشرف چراغ 
 
کپوارہ //شمالی ضلع کپوارہ میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک پنچایتی ممبر کو پستول سمیت گرفتار کیا، جو ملی ٹینٹوں کا اعانت کار ہے۔ پولیس کے مطابق زرہامہ ترہگام کے لوگو ں نے جمعہ کی شام فرید احمد چوہان ولد شمس الدین چوہان ساکن ریشواری آورہ ،جو مقامی پنچایت میںوارڈ ممبر بھی ہے ،کو مشکوک حالت میں دیکھا اور پولیس کو اطلاع فراہم کی ۔پولیس اور 160بٹالین ٹریٹوریل آرمی کے اہلکارو ں نے مشترکہ طور علاقہ کو گھیرے میں لیکر فرید احمد چوہان کو دبوچ لیا ۔ تلاشی لینے ک بعد اس کی تحویل سے ایک چینی ساخت کا پستول بر آمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق فرید احمد چوہان ملی ٹینٹوں کا بالائی ورکر ہے ۔ادھرپولیس نے پلوامہ کے اونتی پورہ علاقے میں جنگجو اعانت کار کو گرفتار کرکے اُس کی تحویل سے زندہ گرینیڈ اور قابل اعتراض مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ 55 آر آر، 185 بٹالین سی آر پی ایف اور اونتی پورہ پولیس نے ہفتے کے روز ممنوع تنظیم جیش سے وابستہ ایک ملی ٹینٹ معاون کو گرفتار کیا ۔گرفتار اعانت کار کی شناخت عمر فاروق بٹ ولد فاروق احمد بٹ ساکن رینزی پورہ اونتی پورہ کے بطور کی گئی ہے ۔

تازہ ترین