شوپیاں تصادم : 2 مقامی جنگجو مارے گیے،اسلحہ وگولہ بارود ضبط : پولیس ترجمان

تاریخ    22 جنوری 2022 (45 : 07 PM)   


نیوز ڈیسک
سری نگر// جنوبی ضلع شوپیاں کے کلہ بل گاوں میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں 2 مقامی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
 
پولیس کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ شوپیاں کے کلہ بل علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد شوپیاں پولیس، 34 آر آراور 178بٹالین سی آر پی ایف نے ہفتے کی صبح کو مشترکہ طورپر آپریشن شروع کیا۔
 
انہوں نے بتایا کہ جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مشتبہ مقام کی اور پیش قدمی شروع کی تو وہاں پر موجود جنگجووں نے سلامتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
 
اُن کے مطابق حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران دو مقامی ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے۔
 
انہوں نے مزید کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت سمیر احمد شاہ ولد نذیر احمد شاہ ساکن دانگام شوپیاں اور رائیس احمد میر ولد محمد اشر ف ساکن تکیہ واگام پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔
 
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مہلوک جنگجو ٹی آر ایف /لشکر طیبہ کے ساتھ وابستہ تھے اور وہ سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور اُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش رہتے تھے۔
 
انہوں نے بتایا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔
 
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔

تازہ ترین