تازہ ترین

کولگام کا زخمی عارضی بجلی ملازم چل بسا

ترال میں مرمت کے دوران ملازم زخمی

تاریخ    15 جنوری 2022 (00 : 01 AM)   


خالد جاوید+سید اعجاز
کولگام +ترال// بوگنڈ کولگام کا محکمہ بجلی کا زخمی ملازم 5روز بعد صورہ اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔مذکورہ ملازم ترسیلی لائن ٹھیک کرنے کے دوران کھمبے سے گرکر شدید زخمی ہوا تھا۔ 9 جنوری کو عارضی ملازم شبیر احمد ڈار ولد محمد اسمٰعیل ڈار کیساتھ یہ واقعہ پیش آیا تھا۔عارضی ملازم کو فوری طور پر ضلع ہسپتال کولگام لیاگیا جہاں سے اسے سرینگر منتقل کیا گیا۔صورہ میں5 دنوں تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ جمعہ کی صبح چل بسا۔ شبیر احمد ڈار اپنے پیچھے اہلیہ اور 14سالہ بیٹا چھوڑ گیا اس کی لاش جب اس کے آبائی گاں پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا اسے تقریباً ساڑھے گیارہ بجے آ بائی قبرستان میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔ادھر ترال میں جمعہ کے روز پی ڈی ڈی کاایک ملازم زخمی ہوا ۔ ترسیلی لائن کی مرمت کے دوران وکرم سنگھ نامی بجلی ملازم زخمی ہوا جس سے علا ج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پچھلے دو ہفتوں کے دوران وادی کشمیر میں ترسیلی لائنوں کی مرمت کے نصف درجن سے زائد پی ڈی ڈی ملازمین زخمی ہوئے جن میں سے بعد میں کئی ایک کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔
 

تازہ ترین